قومی کمیشن برائے خواتین کی مداخلت، دہلی پولیس سے کارروائی کا مطالبہ
نئی دہلی۔7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) قومی کمیشن برائے خواتین نے چہارشنبہ کے دن اس بات پر زور دیا کہ دہلی پولیس کے سربراہ تہاڑ جیل میں ایک کانسٹیبل کی جانب سے ایک خاتون قیدی کی مبینہ عصمت ریزی کی تفصیلی رپورٹ داخل کرے۔ ذرائع ابلاغ کی ایک خبر کے مطابق یہ واقعہ 3 اگست کو پیش آیا جب 42 سالہ خاتون قیدی مشیر آباد عدالت میں پیشی کے بعد مشیرآباد جیل واپس آرہی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ اس قیدی خاتون کی عصمت دری دہلی پولیس کے ایک کانسٹیبل نے چلتی ہوئی ٹرین کے حمام میں کی۔ یہ بات گزشتہ دو شنبہ کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کی پولیس میں درج کردہ شکایت میں بتائی گئی۔ خواتین کمیشن نے اپنے طور پر اس کیس میں مداخلت کرتے ہوئے دہلی پولیس کو اس کیس کی تفصیلی رپورٹ داخل کرنے پر زور دیا ہے قومی کمیشن برائے خواتین کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کمیشن کو اس واقعہ پر سخت تکلیف پہنچی اور اس نے اپنے طور پر اسے قابل دست اندازی سمجھا اور اس نے دہلی کے پولیس کشمرن پر زور دیا کہ وہ فوری کارروائی کریں اور تحقیقات کے بعد کمیشن میں ایک تفصیلی رپورٹ داخل کریں۔
