’ چلو ٹینک بنڈ ‘ پروگرام میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے کانگریس کے قائدین محروس اور گرفتار

   

بھٹی وکرامارکا ، محمد علی شبیر مکانات پر نظر بند،جگا ریڈی اور سریدھر بابو سمیت کئی قائدین حراست کے بعد پولیس اسٹیشن منتقل

حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) آر ٹی سی جے اے سی کی جانب سے ’ چلو ٹینک بنڈ ‘ پروگرام میں حصہ لینے سے کانگریس قائدین کو روکنے کیلئے پولیس نے کل رات سے ہی قائدین کی احتیاطی گرفتاریوں کا آغاز کردیا۔ اس کے علاوہ کئی سینئر قائدین کو مکانات پر نظربند رکھا گیا۔ جن قائدین نے پولیس سے بچ کر ٹینک بنڈ یا پرگتی بھون کی طرف پیش قدمی کی انہیں گرفتار کرتے ہوئے شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنس منتقل کردیا گیا۔ پولیس کی احتیاطی گرفتاریوں اور پابندیوں کے باوجود کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد نے ’ چلو ٹینک بنڈ ‘ پروگرام میں حصہ لیا اور آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کی۔ کل رات پولیس نے کانگریس قائد وکرم گوڑ اور صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادوکو حراست میں لے لیا تھا۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی قائدین کی احتیاطی گرفتاریوں اور گھر پر نظربند رکھنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ کانگریس کے جن سینئر قائدین کو مکانات پر نظربند رکھا گیا ان میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی پونم پربھاکر، سابق وزیر جے گیتاریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا اور سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار شامل ہیں۔ پونالہ لکشمیا کو ہنمکنڈہ اور سمپت کمار کو گدوال میں ان کے مکانات پر نظربند رکھا گیا تھا۔ سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی کو ملک پیٹ میں ان کی قیامگاہ پر محروس رکھا گیا۔ ارکان اسمبلی جگا ریڈی، سریدھر بابو، سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ ملو روی اور دیگر قائدین نے گاندھی بھون سے ٹینک بنڈ روانہ ہونے کی کوشش کی جس پر انہیں گرفتار کرتے ہوئے بیگم بازار پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی کو جوبلی ہلز چیک پوسٹ پر حراست میں لیا گیا۔ وہ پرگتی بھون کے گھیراؤ کا منصوبہ رکھتے تھے۔ کانگریس قائدین نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ حکومت پولیس کے ذریعہ عوام کے دستوری حقوق کو سلب کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کو پُرامن احتجاج سے روکنے کیلئے حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو ناکام بنانے کیلئے پولیس کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے ’ چلو ٹینک بنڈ ‘ پروگرام میں حصہ لینے والے آر ٹی سی ملازمین اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کی مذمت کی۔