کراچی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال پاکستان میں مقررہ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے لیے ملک کے تین بڑے میدانوں کو اپ گریڈ (تزئن نو) کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں حکام نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو تینوں اسٹیڈیمز کے اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن کے بارے بتایا ۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انفراسٹرکچر، جنرل منیجر نیسپاک اور دیگر متعلقہ حکام بی موجود تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی سے قبل ملک کے3 بڑے اسٹیڈیمزکی اپ گریڈکیا جائے گا ۔ دوران اجلاس کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو پیش کیے گئے۔ چیئرمین پی سی بی نے پی سی بی حکام کے ساتھ ابتدائی ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیا اور تینوں اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لیے سہولتوں کی بہتری کے لیے نیسپاک حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کا حتمی منصوبہ جلد تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سہولتوں کی بہتری کے ساتھ میچ ویو کو بہتر بنانے کا منصوبہ بھی تیارکیا جائے۔