چنئی سپر کنگز ، راجستھان کیخلاف دباؤ کی حکمت پر عمل پیرا

   

گوہاٹی: سست سمجھی جانے والی برساپارہ پچ پر چنئی سپر کنگز (سی ایس کے ) کے اسپنرز راجستھان رائلز (آر آر) کے بیٹسمنوں پر دباؤ ڈالنے کی حکمت عملی کے ساتھ اتوار کو میدان میں اترے گی۔آئی پی ایل 2025 کا 11واں میچ اتوار کی شام 7:30 بجے یہاں کھیلا جائے گا۔ پچ کے ٹرن لینے کے امکانات کے پیش نظر، سی ایس کے کی اسپن جوڑی نُور احمد اور رویندر جڈیجا خراب فارم سے گزر رہی آر آر کی بیٹنگ لائن اپ کے خلاف کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے ۔ سی ایس کے نے اس سیزن کا آغاز ملی جلی کارکردگی کے ساتھ کیا ہے ۔ اس نے ممبئی انڈینز کے خلاف شاندار جیت حاصل کی تھی، لیکن چیپک میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف اسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب، راجستھان رائلز اپنے ابتدائی دونوں میچ ہار کر مشکل میں پھنس چکی ہے اور فارم میں واپسی کی کوشش کر رہی ہے ۔ مدمقابل کی بات کی جائے تو سی ایس کے کو 29 میچوں میں 16 فتوحات کے ساتھ معمولی برتری حاصل ہے ۔ تاہم، گزشتہ چند برسوں میں آر آر کا دبدبہ رہا ہے ، کیونکہ 2020 سے وہ پانچ مرتبہ کی چیمپئن ٹیم کے خلاف اپنے پچھلے آٹھ میں سے چھ میچ جیت چکی ہے ۔نُور احمد، سی ایس کے کے ٹرمپ کارڈ کے طور پر ابھرے ہیں، جنہوں نے اب تک دونوں میچوں میں اہم وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان کی اسپن کے موافق پچ پر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت راجستھان کے لیے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ ادھر، ہمیشہ قابلِ اعتماد رہنے والے رویندر جڈیجا رنز روکنے اور درمیانی اوورز میں شراکت توڑنے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ سنجو سیمسن سمیت راجستھان رائلز کے ٹاپ آرڈر کے ساتھ ان کا مقابلہ میچ کو مزید دلچسپ بنا سکتا ہے ۔ سی ایس کے کے اسپنر مہیش دکشانانے اگرچہ مایوس کن آغاز کیا ہے ، لیکن وہ پاور پلے میں نقصان پہنچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ گوہاٹی کی سست وکٹ پر ان کی کیرم بال ایک مہلک ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے ۔