چنتا پربھاکر چیرمین ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن مقرر

   


کے ٹی آر، ہریش راؤ سے اظہار تشکر، قلیل عرصہ میں دو اہم عہدے ملنے پر سنگاریڈی میں حامیوں کا جشن

سنگاریڈی 13 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ نے چنتا پربھاکر سابق رکن اسمبلی و صدر ٹی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی کو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ ہینڈلوم کارپوریشن مقرر کرتے ہوئے احکام جاری کئے۔ عہدے کا جائزہ حاصل کرنے کے دن سے دو سال تک ان کی معیاد ہوگی۔ کے چندر شیکھر راو صدر ٹی آر ایس پارٹی و چیف منسٹر نے چنتا پربھاکر کو امسال 26 جنوری کو صدر ٹی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی نامزد کیا تھا اور اندرون 8 ماہ انھیں کارپوریشن چیرمین کا عہدہ بھی دیا ہے۔ چنتا پربھاکر نے اپنے سیاسی کریئر کا آغاز تلگو دیشم پارٹی سے کیا اور وہ کونسلر و چیرمین بلدیہ سداسیو پیٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دی۔ 2009 اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے بحیثیت تلگو دیشم پارٹی امیدوار انتخابات میں حصہ لیا اور انھیں شکست ہوئی۔ 2011 میں انھوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی اور تحریک تلنگانہ میں سرگرم حصہ لیا۔ انھوں نے 2014 میں ٹی آر ایس ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور ایم ایل اے سنگاریڈی منتخب ہوئے۔ 2018 اسمبلی انتخابات میں انھیں شکست ہوئی۔ ٹی آر ایس پارٹی قیادت نے حالیہ عرصہ میں چنتا پربھاکر کو اہم عہدے دیتے ہوئے پارٹی میں ان کے مقام اور اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔ چنتا پربھاکر کو چیرمین ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نامزد کرنے پر حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں ٹی آر ایس پارٹی قائدین و کارکنان نے زبردست جشن کا اہتمام کیا۔ سنگاریڈی اور سداسیو پیٹ میں کارکنان نے آتشبازی اور مٹھائی تقسیم کرتے ہوئے اپنے قائد کو عہدہ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ چنتا پربھاکر نے چیرمین ہینڈلوم کارپوریشن نامزد کرنے پر کے چندر شیکھر راو چیف منسٹر کے ٹی راما راو ورکنگ پرسیڈنٹ ٹی آر ایس پارٹی و وزیر بلدی نظم و نسق اور ٹی ہریش راو وزیر فینانس و صحت سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ہینڈلوم کے فروغ اور بنکر طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے انتھک کوشش کرینگے۔ چنتا پربھاکر کو ضلع کے اراکین اسمبلی و پارلیمنٹ چیرمین بلدیات کونسلرس عوامی منتخبہ نمائندے اور پارٹی قائدین و کارکنان نے مبارکباد دی۔ چنتا پربھاکر نو نامزد چیرمین تلنگانہ ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن و صدر ٹی آر ایس پارٹی ضلع سنگاریڈی نے کے ٹی راما راو وزیر بلدی نظم و نسق و ورکنگ پرسیڈنٹ ٹی آر ایس پارٹی سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں چیرمین نامزد کرنے پر ان کی شالپوشی کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا جبکہ ٹی ہریش راو وزیر فینانس سے ملاقات پر وزیر موصوف نے چنتا پربھاکر کی شال پوشی کرتے ہوئے مبارکباد دی۔