چنتل میٹ قتل کیس میں ملوث 6 افراد بشمول روڈی شیٹرس گرفتار

   

مسروقہ اشیاء کی تقسیم پر جھگڑا ، انسپکٹر پولیس عطاپور کا بیان
حیدرآباد /5 جولائی ( سیاست نیوز ) عطاپور پولیس نے سنسنی خیز خلیل اللہ قتل کیس کو حل کرتے ہوئے 6 افراد بشمول دو روڈی شیٹرس کی ٹولی کوگرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر پولیس عطاپور یادگیری کے مطابق 31 سالہ عثمان حسین عرف مینٹل عثمان ساکن پہاڑی شریف جو پہاڑی شریف پولیس اسٹیشن سے وابستہ روڈی شیٹر ہے ۔ 48 سالہ محمد یوسف عرف یوسف مامو ساکن چنتل میٹ روڈی شیٹر عطاپور 23 سالہ رضوان عرف افروز 26 سالہ شفیع عرف افضل ساکنان چنتل میٹ 27 سالہ مسعود خان ساکن کاروان اور 23 سالہ سلمان ساکن عطاپور کو گرفتار کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق یکم جولائی کی رات خلیل اللہ کا چنتل میٹ علاقہ میں قتل کردیا گیا تھا ۔ خلیل گڈی ملکاپور علاقہ کا ساکن تھا جو فٹ ویر کا کاروبار کرتا تھا ۔ خلیل اور عثمان کی دوستی تھی 8 سال قبل یہ دونوں جیب کتری کیا کرتے تھے ۔ مسروقہ اشیاء کی تقسیم کے معاملہ میں جھگڑا ہوا تھا اور تنازعہ کے بعد دونوں میں دوری پیدا ہوگئی تھی ۔ اس دوران خلیل اور یوسف کے درمیان جھگڑا ہوا اور دونوں میں دشمنی پیدا ہوگئی تھی ۔ خلیل نے یوسف کے خلاف گولکنڈہ پولیس میں شکایت درج کروائی تھی اور یوسف مقدمہ واپس لینے کیلئے خلیل پر دباؤ ڈال رہا تھا ۔ اس دوران عثمان اور یوسف نے منصوبہ تیار کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں کو اس سازش میں شامل کرلیا ۔ ان بدمعاش قاتلوں نے خلیل کو جان سے مارنے کی سازش تیار کی اور یکم جولائی کو خلیل کو شراب نوشی کیلئے طلب کیا ۔ عثمان نے خلیل کو ٹولی چوکی آر ٹی اے آفس کے قریب طلب کیا اور آٹو میں سوار ہوکر چنتل میٹ پہونچے عثمان کے علاوہ دیگر نے پہلے سے شراب نوشی کی تھی اور خلیل کو کثرت سے شراب پلائی گئی جو قابو میں نہیں تھا ۔ اس دوران عثمان نے خلیل پر وار کیا اور دیگر نے بھی اس کا ساتھ دیا اور خلیل کو قتل کردیا گیا ۔ پولیس نے تمام کو گرفتار کرلیا۔ عثمان 43 اور یوسف 9 رضوان 5 واردتوں میں ملوث ہے ۔ پولیس نے گرفتار قاتلوں کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع
جہیز ہراسانی کا شکارخاتون کی خودکشی
حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) شوہر کے ناجائز تعلقات اور زائد جہیز کیلئے ہراسانی کا شکار ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ چرلہ پلی پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں34 سالہ شانتی نے خودکشی کرلی۔ وہ آئی جی کالونی علاقہ کے ساکن بھارگو کی بیوی تھی جو خانگی ملازم تھی۔ شانتی کو اس کا شوہر زائد جہیز کیلئے پریشان کرتا تھا اور اس کے دوسری خاتون سے ناجائز تعلقات بھی تھے۔ ع

اس بات سے دلبرداشتہ ہوکر شانتی نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع