حیدرآباد ۔3۔نومبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابونائیڈو کو ضروری معائنوں کے بعد آج حیدرآباد کے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹرو انٹرالوجی سے ڈسچارج کردیا گیا۔ آج دوپہر چندرا بابو نائیڈو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی اور اپنی اہلیہ نارا بھونیشور اور دیگر افراد خاندان کے ہمراہ قیامگاہ واپس ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق چندرا بابو نائیڈو آنکھوں کے عارضہ کے علاج کیلئے ایل وی پرساد آئی ہاسپٹل سے رجوع ہوں گے جہاں ان کا کیٹریٹ آپریشن کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو کو ضروری طبی معائنوں کیلئے کل اے آئی جی میں شریک کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر کے راجیش کی زیر قیادت ڈاکٹرس کی ٹیم نے چندرا بابو نائیڈو کے ضروری معائنے کئے جس میں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 52 دنوں تک راجمندری جیل میں محروس رہنے کے دوران چندرا بابو نائیڈو کو الرجی اور دیگر عوارض کی شکایت ہوئی تھی۔
تلگو دیشم سے استعفیٰ کے بعد کاسانی گیانیشور بی آر ایس میں شامل
حیدرآباد ۔3۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم کے انتخابات میں حصہ نہ لینے سے ناراض ریاستی صدر گیانیشور مدیراج نے آج بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر کے سی آر سے گجویل فارم ہاؤز پہنچ کر کاسانی گیانیشور نے ملاقات کی اور بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ واضح رہے کہ تلگو دیشم صدر چندرا بابو نائیڈو نے موجودہ صورتحال میں پارٹی کو انتخابات سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔