انڈومنٹ اراضیات کے تحفظ کیلئے چیف منسٹر آندھرا پردیش کو مکتوب
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قدیم مندروں اور انڈومنٹ اراضیات کے تحفظ کیلئے اقدامات کی اپیل کی۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ مکتوب کا جواب ابھی تک چیف منسٹر کے دفتر سے موصول نہیں ہوا ہے۔ ایک مقامی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ان کے سیاسی گرو ہیں کیونکہ انہوں نے تلگودیشم پارٹی سے بحیثیت کارپوریٹر اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس دور حکومت میں آندھرا پردیش میں ہزاروں ایکر انڈومنٹ اراضی پر ناجائز قبضے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ چندرا بابو نائیڈو انڈومنٹ اراضیات اور قدیم مندروں کے تحفظ کے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 90 ہزار ایکر انڈومنٹ اراضی ہے ان میں سے زیادہ تر پر ناجائز قبضے ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی حکومت سے ناجائز قبضوں کی جانچ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کی امریکہ سے واپسی کے بعد وہ مکتوب روانہ کریں گے۔1