چندرا بابو نائیڈو کی آج بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری

   

امراوتی میں وسیع تر انتظامات، وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ کی شرکت متوقع

حیدرآباد۔/11 جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں پانچ سالہ کے عرصہ کے بعد تلگودیشم کو اقتدار حاصل ہورہا ہے اور پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈوکل 12 جون کو چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ گناورم کے قریب کیسرا پلی کے آئی ٹی پارک میں تقریب حلف برداری کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاستی گورنر جسٹس عبدالنذیر 11:27 بجے دن چندرا بابو نائیڈو اور ان کی کابینہ کو عہدہ و رازداری کا حلف دلائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے، مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس، مرکزی وزراء اور حلیف پارٹیوں کے قائدین تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ امراوتی میں آج تلگودیشم، بی جے پی اور جنا سینا اتحاد کے ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں چندرا بابو نائیڈو کو لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ تلگودیشم کے آندھرا پردیش یونٹ کے صدر اچن نائیڈو نے چندرا بابو نائیڈو کا نام پیش کیا جبکہ بی جے پی کی جانب سے مرکزی وزیر پورندیشوری اور جنا سینا پارٹی کی جانب سے پون کلیان نے چیف منسٹر کے طور پر چندرا بابو نائیڈو کے نام کی تائید کی۔ اجلاس کے بعد تینوں پارٹیوں کے قائدین اچن نائیڈو، پورندیشوری اور این منوہر نے گورنر جسٹس عبدالنذیر سے ملاقات کی اور اتحادی جماعتوں کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ چندرا بابو نائیڈو کو تشکیل حکومت کی دعوت دی جائے۔ گورنر کو تینوں پارٹیوں کے منتخب ارکان اسمبلی کی فہرست حوالے کی گئی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کابینہ کی تشکیل کے سلسلہ میں حلیف پارٹیوں کے قائدین سے مشاورت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ جنا سینا کے سربراہ پون کلیان کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ کا پیشکش کیا گیا ہے۔ گناورم ایر پورٹ کے قریب سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں کیونکہ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں ایر پورٹ پہنچیں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی صبح 10:45 بجے وجئے واڑہ ایر پورٹ پہنچیں گے اور وہاں سے سڑک کے راستہ کیسرا پلی کے آئی ٹی پارک گراؤنڈ پہنچیں گے۔ 11 تا 12:30 بجے وہ تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے اور فوری بعد وجئے واڑہ ایر پورٹ سے بھونیشور کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ اسی دوران امراوتی اور اس کے اطراف و اکناف کے علاوہ میں تقریب حلف برداری کے سلسلہ میں تحدیدات عائد کی گئی ہیں۔ حلف برداری تقریب کو لیکر قائدین اور کارکنوں میں زبردست جوش ہے۔

1