چندرا بابو نائیڈو کی جیل میں صحت بگڑ گئی،ڈاکٹرس کی ٹیم نے معائنہ کیا

   

حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی صحت جیل میں بگڑتے ہی سرکاری ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے راجمندری جیل میں محروس چندرا بابو نائیڈو کافی کمزور ہوچکے ہیں اور شدید گرمی کے سبب ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ جیل حکام کے مطابق چندرا بابو نائیڈو کو انفیکشن کی شکایت تھی اور ڈی ہائیڈریشن کے سبب دست و قئے ہورہے تھے۔ نائیڈو کی طبیعت بگڑتے ہی فوری سرکاری ڈاکٹرس کو اطلاع دی گئی جنہوں نے جیل پہنچ کر ان کا معائنہ کیا۔ چندرا بابو نائیڈو کو طبی امداد فراہم کی گئی اور ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ ان کی حالت مستحکم ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔ سرکاری ڈاکٹرس کی ٹیم نے مسلسل دو دن تک چندرا بابو نائیڈو کے کئی معائنے کئے۔ اسی دوران نائیڈو کے افراد خاندان نے صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جیل میں بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے کی شکایت کی۔