مرکزی بجٹ کے اعلانات پر عمل کی اپیل، امیت شاہ اور نرملا سیتا رامن سے علحدہ ملاقاتیں
حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کیلئے کئے گئے اعلانات کے مطابق فنڈز کی عاجلانہ اجرائی کی درخواست کی۔ چندرا بابو نائیڈو اپنے دو روزہ دورہ دہلی کے بعد آج امراوتی واپس ہوگئے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور آندھرا پردیش کے مسائل پر بات چیت کی۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے بات چیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی جلد تکمیل کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن اور مرکزی وزیر زراعت جے پی نڈا سے ملاقات کی اور انہیں یادداشت پیش کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے 23 جولائی کو مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کیلئے اہم اعلانات پر اظہار تشکر کیا اور وزیر اعظم سے اپیل کی کہ فنڈز کی جلد اجرائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلگو ریاستوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر بھی بات کی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک وزیر اعظم سے قومی اور ریاستی مسائل پر گفتگو کے بعد چندرا بابو نائیڈو سیدھے وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کے دفتر پہنچے۔ وزیر فینانس سے ان کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔ وزیر فینانس کے ہمراہ مرکزی وزیر بھری مصنوعات ایچ ڈی کمار سوامی بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔ مرکزی بجٹ کی پیشکشی کے بعد چندرا بابو نائیڈو پہلی مرتبہ نئی دہلی پہنچے اور بجٹ میں کئے گئے اعلانات پر عمل آوری کی درخواست کی۔ پولاورم پراجکٹ اور امراوتی دارالحکومت کی تعمیر میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں پولاورم پراجکٹ کیلئے فنڈز کو منظوری دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی دارالحکومت کی تعمیر مرکز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ نرملا سیتار امن نے فنڈز کی اجرائی کا تیقن دیا۔ واضح رہے کہ لوک سبھا میں تلگودیشم کے 16 ارکان ہیں اور برسراقتدار این ڈی اے کی تلگودیشم اہم حلیف جماعت ہے۔1