چندرا بابو کیساتھ آندھراپردیش کی جگن حکومت کا انتقامی رویہ

   

Ferty9 Clinic

سیکوریٹی میں تخفیف اور توہین آمیز رویہ پر تلگودیشم قائدین کا احتجاج

حیدرآباد ۔ 15 جون (سیاست نیوم) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی سیکوریٹی سے متعلق پائے جانے والے شکوک و شبہات کے تعلق سے پولیس عہدیداروں نے ضروری وضاحت کی اور بتایا کہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کو فراہم کردہ سیکوریٹی میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔ تاہم پروٹوکول کی روشنی میں مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ’’کانوائے‘‘ (موٹر کاروں کے قافلہ میں) اب تک پائے جانے والے ’’اڈوانسڈ پائلیٹ کار‘‘ کو نکال دیا گیا ہے۔ پولیس عہدیداروں نے مزید بتایاکہ روڈ کلیرنس ہمیشہ کی طرح جاری رہے گی۔ زیڈ پلس سیکوریٹی زمرہ کے چندرا بابو نائیڈو سے متعلق موجودہ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت حکومت نے نائیڈو کی سیکوریٹی میں تخفیف کرنے کا تلگودیشم قائدین نے الزامات عائد کئے اور کہا کہ مسٹر جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت ریاستی حکومت مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ انتقامی رویہ اختیار کررہی ہے۔ اسی دوران تلگودیشم پارٹی قائدین نے کہا کہ ضلع گنٹور میں بھی تلگودیشم قائدین کی سیکوریٹی میں تخفیف کی جانب سے کئے گئے فیصلہ سے ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی ہے۔ اطلاع کے مطابق سابق رکن اسمبلی ونوکونڈہ مسٹر جی وی، انجینیلو کو فراہم کردہ گن مینوں سے حکومت کی جانب سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے جبکہ سابق اسپکر ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ اور مسٹر وائی سرینواسا راؤ کے ماسواء ضلع گنٹور سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان اسمبلی کو فراہم کردہ گن مینوں سے دستبرداری اختیار کرلینے حکومت کے فیصلہ پر عمل کرتے ہوئے ان تمام سابق ارکان اسمبلی ضلع گنٹور کی سیکوریٹی کو ختم کردیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی قائدین کے مطابق ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ اور وائی سرینواسا راؤ کو بھی صرف دوگن مینوں یعنی (1+1) کے لحاظ سے حکومت نے سیکوریٹی فراہم کررہی ہے۔ اس طرح کے سیوا پرساد راؤ اور سرینواس راؤ کو فراہم کردہ سیکوریٹی میں بھی کمی کرکے صرف (1+1) کی اساس پر ہی سیکوریٹی فراہم کی ہے۔ علاوہ ازیں ایک اور سینئر قائد و سابق رکن پارلیمان مسٹر آر سامبا شیواراؤ کو اب تک فراہم کردہ گن مینوں سے بھی دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت ریاستی حکومت کے اس فیصلہ سے تلگودیشم قائدین میں برہمی پائی جارہی ہے اور الزام عائد کیا جارہا ہیکہ مسٹر جگن حکومت محض انتقامی رویہ کے تحت ہی سابق ارکان اسمبلی کے گن مینوں سے دستبرداری اختیار کررہی ہے۔ اسی دوران سابق چیف منسٹر کے ساتھ گذشتہ دن گناورم ایرپورٹ پر پیش آئے توہین آمیز رویہ کے خلاف آج تلگودیشم قائدین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نیم برہنہ احتجاج کیا۔ جی وی ایم سی گاندھی مجسمہ کے پاس ارکان اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسرس وی گنیش کمار، وی راما کرشنا بابو و دیگر نے حکومت کے رویہ کے خلاف سخت احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ ان ارکان نے کہاکہ زیڈ پلس سیکوریٹی کے حامل قائد کو عام مسافروں کے ایرپورٹ میں داخلہ کے راستہ سے روانہ کرنے اور میٹل ڈیٹکٹر کے ذریعہ مکمل جامہ تلاشی لینا ناقابل معافی اقدام ہے۔