چندرائن گٹہ فلائی اوور کا آج ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ افتتاح کریں گے

   


علاقہ میں ٹریفک کے مسائل کی یکسوئی کی راہ ہموار ۔ کسی رکاوٹ کے بغیر سفر کی سہولت
حیدرآباد۔22 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) چندرائن گٹہ چوراہے پر ٹریفک جام کے مسائل کے علاوہ اویسی ہاسپٹل جنکشن سے حافظ بابا نگر جانے والی ٹریفک کے مسائل اب ختم ہوجائیں گے ۔حافظ بابا نگر سے بندلہ گوڑہ براہ چندرائن گٹہ جانے والے توسیع شدہ فلائی اوور کا ریاستی وزیر کے۔ ٹی راما راؤ 23اگسٹ کو افتتاح انجام دیں گے۔ کے۔ ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹ کرکے مطلع کیا کہ چندرائن گٹہ میں ایس آر ڈی پی کے دوسرے مرحلہ کے تحت توسیع شدہ فلائی اوور برج کا منگل کے دن افتتاح انجام دیا جائیگا اور توسیع شدہ برج عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 45کروڑ 90لاکھ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے 674 میٹر طویل نئے برج کو قدیم چندرائن گٹہ برج سے مربوط کرکے طوالت میں اضافہ کیا گیا اور اب یہ برج اس مصروف ترین سڑک کے مسافرین کو ٹریفک جام سے نجات اور 2سگنل پر بغیر کسی رکاوٹ کے انہیں عبور کرنے والوں کیلئے سودمند ثابت ہوگا۔ کے ٹی راما راؤ کی جانب سے چندرائن گٹہ برج کے افتتاح کے اعلان پر پرانے شہر کے عوام جو اس راستے سے گذرتے ہیں وہ راحت کی سانس لے رہے ہیں۔ دو یوم قبل رکن اسمبلی و قائد ایوان مقننہ مجلس جناب اکبر الدین اویسی نے جی ایچ ایم سی حکام سے برج کے کاموں کی تکمیل کے امور کا جائزہ لے کر برج کے نیچے سے گذرنے والی سڑک کی تعمیر کو مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ چندرائن گٹہ برج کی تعمیر کے عمل کی تکمیل کے ساتھ جی ایچ ایم سی نے پلروں پر ورٹیکل گارڈن اور نچلے حصہ میں باغبانی بھی مکمل کرکے اسے خوبصورت بنانے کی کوشش کی ہے ۔ مقامی عوام نے عہدیدارو ںاور متعلقہ رکن اسمبلی کو اس مصروف سڑک کی خستہ حالی سے واقف کرواتے ہوئے خواہش کی کہ سڑک پر گڑھوں کو بند کرواتے ہوئے اس کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے کیونکہ گڑھوں و تعمیراتی کاموں سے مشکلات کا سامنا تھا لیکن اب یہ مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔م