متعلقہ رکن اسمبلی کی بیرون ملک سے راست نگرانی، دیگر اسمبلی حلقوں میں بھی عمل کی ضرورت
حیدرآباد: اپنے حلقہ کے عوام کی مدد کے لئے ان کے درمیان میں ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ بیرون ملک رہتے ہوئے بھی اپنے حلقہ میں رہنے والے غریب عوام کی مدد کی جاسکتی ہے اور لاک ڈاؤن کے سبب پریشان حال شہریوں کو کم از کم دو وقت کے کھانے کی فراہمی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور یہ کام حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں کیا جا رہاہے جہاں رکن اسمبلی جناب اکبر الدین اویسی کی جانب سے یومیہ 14000 ہزار غذائی پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے۔ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں رہنے والے غریب رائے دہندوں کو لاک ڈاؤن کے دوران حاصل ہونے والی اس غذائی پیاکٹس کی مدد سے شہر حیدرآباد کے دیگر حلقہ جات اسمبلی کے حدود میں رہنے والوں میں یہ احساس پیدا ہونے لگا ہے کہ وہ اپنے ارکان اسمبلی کے لئے غیر اہم ہیں یا ان کے ارکان اسمبلی کو یہ توفیق کیوں نہیں حاصل ہورہی ہے! حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے حدود میں آنے والے حلقہ جات اسمبلی میں چارمینار‘ بہارد پورہ‘ چندرائن گٹہ ‘ یاقوت پورہ ‘ ملک پیٹ ‘ کاروان اور گوشہ محل شامل ہیں ان حلقہ جات اسمبلی میں صرف گوشہ محل حلقہ اسمبلی ایسا ہے جہاں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کا نمائندہ منتخب ہوتا ہے جبکہ مابقی تمام حلقہ جات اسمبلی سے مجلسی ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے دوران صرف حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے غریب اور مستحق عوام کو غذائی پیاکٹس رکن اسمبلی کی جانب سے فراہم کئے جا رہے ہیں۔حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے علاوہ مابقی حلقہ جات اسمبلی میں رہنے والے رائے دہندوں اور شہریوں کوسال گذشتہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑاتھا کیونکہ گذشتہ لاک ڈاؤن کے دوران حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے حدود میں رہنے والے غریب شہریوں کو راشن کٹس حاصل ہوئے تھے اور اسی طرح جب شہر حیدرآباد کو سیلاب کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اس وقت بھی شہر کے دیگر حلقہ جات اسمبلی میں رہنے والے شہریوں نے جو سیلاب سے متاثر ہوئے تھے یہ کہہ رہے تھے کہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں رکن اسمبلی کے متحرک ہونے کے سبب اس حلقہ کے عوام کو زیادہ امداد حاصل ہوئی ہے۔ پارلیمانی حلقہ حیدرآباد کے حدود میں شامل حلقہ جات اسمبلی چارمینار‘ یاقوت پورہ‘ کاروان ‘ ملک پیٹ کے ارکان اسمبلی شہر میں موجود ہیں لیکن ان کے حلقہ جات اسمبلی میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب شہریوں کے لئے اس طرح کی کوئی مدد نہیں کی جا رہی ہے لیکن رکن اسمبلی چندرائن گٹہ جو کہ طویل عرصہ سے ملک میں نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی نگرانی میں حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے غریب شہریوں میں غذائی پیاکٹس کی تقسیم کا عمل شروع کیا جاچکا ہے ۔ دیگر حلقہ جات اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی جانب سے اس طرح کی کوئی مدد کے اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جبکہ دیگر حلقہ جات اسمبلی میںبھی بڑی تعداد میں سلم آبادیاں اور ایسے شہری موجود ہیں جو کہ یومیہ آمدنی پر انحصار کرتے ہوئے زندگی گذار تے ہیں ۔