راہول گاندھی، فاروق عبداللہ، ملائم سنگھ یادو، ڈیرک اوبرین،ڈی ایم کے لیڈر اور کئی قائدین کی ٹی ڈی پی سربراہ سے ملاقات
نئی دہلی 11 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کی اپنی ریاست کے لئے خصوصی درجہ کا مطالبہ کرتے ہوئے آج یہاں ایک روزہ بھوک ہڑتال مختلف اپوزیشن قائدین کے لئے یکجا ہونے کا موقع بن گئی جنھوں نے احتجاج کے مقام پر پہونچ کر جنوبی ہند کے لیڈر کی حمایت کی اور مرکزی حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ صدر کانگریس راہول گاندھی، نیشنل کانفرنس چیرپرسن فاروق عبداللہ، این سی پی کے مجید میمن، ترنمول کانگریس کے بیرک اوبرین، ڈی ایم کے پارٹی کے تیروچی سیوا اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو اُن قائدین میں شامل ہیں جنھوں نے ٹی ڈی پی سربراہ سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی تائید و حمایت کا اظہار کیا۔ صدر ٹی ڈی پی کا مطالبہ ہے کہ مرکز 2014 ء میں آندھراپردیش کی دو حصوں میں تقسیم کے دوران کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے اور اُن کا الزام ہے کہ مودی جنوبی ہند کی ریاست کو خصوصی درجہ سے محروم رکھتے ہوئے ’راج دھرم‘ نہیں نبھارہے ہیں۔ راہول گاندھی نے آندھرا بھون میں احتجاج کے مقام پر فرانس کے ساتھ رافیل لڑاکا جیٹ طیارے کی معاملت کا ظاہر طور پر حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیاکہ وزیراعظم نے آندھراپردیش کے عوام سے چھین کر رقم انیل امبانی کو دے دی ہے۔ یہی اِس معاملہ کی حقیقت ہے۔ حکومت اور امبانی نے رافیل معاملت میں کرپشن سے متعلق راہول کے عائد کردہ الزامات مسترد کئے ہیں۔ اوبرین نے گنٹور، آندھراپردیش میں اتوار کو مودی کی تقریر کا ذکر کیا اور کہاکہ اُنھوں نے ترقی یا خصوصی زمرے کے درجہ کے تعلق سے کچھ بات نہیں کی بلکہ شخصی حملہ شروع کردیا۔ جو شیشے کے گھروں میں رہتے ہیں اُنھیں دوسروں پر پتھر نہیں پھینکنے چاہئے۔ ٹی ایم سی لیڈر نے جموں ۔ سرینگر ہائی وے 6 روز سے بند ہے، وہ (حکومت) 30 کیلو میٹر سڑک کی صفائی نہیں کرسکتے لیکن وہ ملک پر حکمرانی کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت پر تنقیدوں میں اپنی آواز ملاتے ہوئے این سی پی لیڈر مجید میمن نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت جنوبی ہند کی ریاست سے سوتیلا سلوک کررہی ہے اور بی جے پی نائیڈو پر اِس لئے حملہ کررہی ہے کیونکہ وہ (نائیڈو) اُس کے خلاف حریف پارٹیوں کو متحد کرنے میں قیادت کررہے ہیں۔ میمن نے کہاکہ ہم انتخابات میں بی جے پی کو اُس کی حیثیت دکھادیں گے۔ میں اِس بات کا شردپوار کی طرف سے یقین دلاتا ہوں۔ ملائم سنگھ نے کہاکہ اُن کی طبیعت ٹھیک نہیں لیکن وہ نائیڈو کے موقف کی توثیق کا اظہار کرنے یہاں آئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نائیڈو غریبوں، کسانوں اور تمام مظلوموں کے حق میں لڑرہے ہیں۔ ڈی ایم کے لیڈر سیوا نے بیان کیاکہ نائیڈو منصفانہ کاز کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور کہاکہ مودی حکومت تین ماہ میں بیدخل کردی جائے گی۔ کانگریس قائدین آنند شرما، احمد پٹیل اور جئے رام رمیش بھی اپنی طرف سے اظہار یگانگت کے لئے موجود تھے۔ نائیڈو نے بھوک ہڑتال شروع کرنے سے قبل راج گھاٹ پر گاندھی جی کو اور اے پی بھون میںامبیڈکر کو خراج ادا کیا۔