چندریان3 مشن کی کامیابی پر کانگریس کا سائنسدانوں کو سلام

   

نئی دہلی: چندریان3 نے ہندوستان کو آج اس وقت فخر کا لمحہ فراہم کیا جب چاند کے جنوبی قطب پر وکرم لینڈر نے کامیابی کے ساتھ سافٹ لینڈنگ کی۔ اِسرو کے سائنسدانوں کی محنت شاقہ کے سبب ہندوستانیوں کو فخر کا یہ موقع میسر ہوا ہے، اس لیے سبھی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے چندریان-3 کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کر سائنسدانوں کو سلام پیش کیا ہے اور آج خلائی شعبہ میں ملی کامیابی کو ہر ہندوستانی کی اجتماعی کامیابی قرار دیا ہے۔ اپنے پیغام میں ملکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ میرے پیارے ملکی باشندوں، چندریان3 کی کامیابی ہر ایک ہندوستانی کی اجتماعی کامیابی ہے۔ ہم سب کیلئے یہ فخر کی بات ہے۔ 140 کروڑ ہندوستانیوں نے اپنے چھ دہائی قدیم خلائی پروگرام میں آج مزید ایک حصولیابی دیکھی۔ ہم اپنے سائنسدانوں، خلائی انجینئرس، محققین اور اس مشن کو کامیاب بنانے میں شامل سبھی لوگوں کی لگن، سخت محنت اور خود سپردگی کو سلام کرتے ہیں۔ کھرگے نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ 2008 میں جب چندریان1، ایم آئی پی (مون امپیکٹ پروب) ہندوستانی پرچم لے کر چاند کی سطح پر اترا، تب ہندوستان چاند کی سطح پر کسی سائنسی مشین کو اتارنے والا چوتھا ملک بن گیا تھا۔ آج چندریان3 کے ذریعہ سے ہم نے دنیا کے سامنے اپنی شاندار سائنسی صلاحیت کی تعریف پیش کی ہے۔ وکرم لینڈر اور پرگیان رووَر کی بہترین سافٹ لینڈنگ ڈاکٹر ہومی بھابھا، ڈاکٹر وکرم سارابھائی، ڈاکٹر ستیش دھون، ڈاکٹر میگھ ناد ساہا، ڈاکٹر شانتی سوروپ بھٹناگر، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور ان سبھی عظیم سائنسدانوں کو ایک سچی خراج عقیدت ہے جنھوں نے ہندوستان کو خلائی تحقیق اور سائنسی مہارت میں بے پناہ کامیابی دلائی۔