چندن مشرا قتل کیس میں ملوث ملزمان کے ساتھ مڈبھیڑ، ایک گرفتار

   

پٹنہ، 22 جولائی (یو این آئی) بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے شاستری نگر تھانہ علاقے کے پارس اسپتال میں مجرم چندن کمار مشرا کے قتل میں ملوث ملزمان کے ساتھ آج صبح پولیس مڈبھیڑ میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ، جب کہ دو کو حراست میں لیا گیا ہے ۔بھوجپور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آفس کے ذرائع نے بتایا کہ کٹھی کٹیا روڈ پر ہتھیار کے ساتھ مجرموں کی موجودگی کی اطلاع ملی، خبر کی بنیاد پر بہیاں تھانہ اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے علاقے کو گھیر لیا۔ پولیس نے مجرموں کو ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا، لیکن مجرموں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی، پولیس نے بھی اپنے دفاع میں گولیاں چلائیں۔ دو مجرم بلونت کمار سنگھ اور روی رنجن کمار گولیوں سے زخمی ہو گئے ، جبکہ ابھیشیک کمار کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں زخمی ملزم پولیس کی حراست میں زیر علاج ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ پارس اسپتال میں ہونے والے قتل کی واردات میں دیگر مجرموں کے ساتھ ملوث تھے ۔ گرفتار ملزم کے پاس سے دو پستول، ایک دیسی کٹا ، دو میگزین اور چار کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مجرم چندن کمار مشرا کے قتل کے معاملے میں کولکتہ پولس اور کولکتہ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی مدد سے چار ملزموں کو کولکتہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تینوں گرفتار ملزم کو جیل بھیج دیا گیا ہے اور اس قتل کا اہم ملزم توصیف پولیس ریمانڈ پر ہے ۔ چندن مشرا قتل کے ایک مقدمے میں بیور جیل میں بند تھا۔ وہ علاج کے لیے بیور جیل سے پیرول پر باہر آیا تھا۔ پارس اسپتال میں علاج کے دوران 17 جولائی کو مجرموں نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔