چنمیانند مقدمہ : متاثرہ قانون کی طالبہ ایس آئی ٹی تحویل میں

   

شاہجہاپور 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) خاتون قانون کی طالبہ جس نے یوپی بی جے پی قائد چنمیانند پر جنسی بدسلوکی اور ہراسانی کے الزامات عائد کئے تھے، خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی کی جانب سے منگل کے دن تحویل میں لے لی گئی۔ اِس خاتون نے ضلع عدالت میں ایک درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری داخل کی ہے لیکن جب ایس آئی ٹی نے اُس کو گرفتار کیا اُس کی عدالت میں سماعت نہیں ہوئی تھی۔ 23 سالہ خاتون کو دھمکی دے کر رقومات کی وصولی اور بلیک میل کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم چنمیانند نے الزام عائد کیا ہے کہ اِس خاتون اور دیگر تین افراد نے اُس سے 5 کروڑ روپئے طلب کئے تھے۔ تینوں افراد جن میں سے دو خاتون کے عم زاد ہیں، پہلے ہی جمعہ کے دن گرفتار کرکے جیل بھیجے جاچکے ہیں۔ اِن میں سے دو افراد وکرم اور سچن ایس آئی ٹی کی منگل کے دن سے تحویل میں دیئے گئے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ایس آئی ٹی اِن لڑکوں اور خاتون سے دوبدو تفتیش کرے گی۔ خاتون نے پیر کے دن درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری الہ آباد ہائیکورٹ میں داخل کی تھی لیکن اُسے مسترد کردیا گیا تھا۔ ہائیکورٹ نے اُس سے خواہش کی تھی کہ ضلع عدالت میں اپیل کی جائے۔