بیرونی مہمان مقررین علامہ احمد رضامنظری (بریلی شریف) و عالمی شہرت یافتہ علامہ غفران رضا قادری (ماریشیس) کی شرکت
حیدرآباد ۔ 3 فبروری (راست) محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) و ڈاکٹر عظمت رسول کی اطلاع کے بموجب کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی عظیم الشان اٹھائیسویں معراج النبیؐ کانفرنس 7 فبروری چہارشنبہ کو بعد نماز عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ مقرر ہے۔ اس کانفرنس میں پہلے مہمان مقرر مفکراسلام، خطیب ماریشیس، سیاح یوروپ و ایشیاء و افریقہ مفتی غفران رضا قادری کا شمار ہندوپاک کے علاوہ یوروپ و ایشیاء کے عظیم اکابر علماء کرام میں ہوتا ہے۔ آپ سنی رضوی انٹرنیشنل سوسائٹی ماریشیس و ساوتھ افریقہ کے ڈائرکٹر ہیں۔ اس کے علاوہ آپ جامعہ خوشتر رضائے فاطمہ ماریشیس کے ناظم اعلیٰ ہیں۔ آپ کے خطابات کا چرچہ نہ صرف ہندوپاک بلکہ یوروپ و ایشیاء کے کئی ممالک میں ہوتا ہے۔ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی دعوت پر آپ اس عظیم الشان کانفرنس میں تشریف لارہے ہیں۔ دوسرے مہمان مقرر شعلہ بیان حضرت محمد احمد رضا منظری (بریلی شریف) کی شخصیت محتاج تعارف نہیں۔ آپ کا شمار بھی ہندوستان کے اکابر علمائے اہلسنت میں ہوتا ہے۔ آپ جامعہ منظراسلام بریلی شریف سے فارغ ہیں۔ آپ کے خطابات ہندوستان کی کئی ریاستوں جیسے ممبئی، اترپردیش، مغربی بنگال، آسام کے علاوہ بیرون ملک ساوتھ افریقہ، ڈربن و دیگر ممالک میں مقبول و معروف ہیں۔ کانفرنس کے تیسرے مقرر معروف سیاستداں، بے باک قائد، جناب سی ایم ابراہیم (سابق مرکزی وزیر) کی خصوصی آمدو خطاب ہوگا۔ کانفرنس کی قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی (شرفی چمن)، صدارت مولانا سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی کریں گے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا حافظ سید شاہ محمد حسینی پیر الحسینی الرضوی القادری الطاہری، مولانا محمد اخلاق اشرفی، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی، جناب افتخار شریف (حال مقیم امریکہ)، ڈاکٹر حیدر یمنی، ڈاکٹر مجیب شاہد، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ)، ڈاکٹر خالد غلام محی الدین قادری، ڈاکٹر سید قمر قادری، ڈاکٹر غوث قادری، جناب سید اعزاز محمد قادری شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرأت سے ہوگا۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں معروف ثناء خوان رسول ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی (ایڈوکیٹ) خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔ مقامی علماء کرام میں حضرت ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی، مولانا حافظ و قاری محمد اقبال احمد رضوی القادری، مولانا ڈاکٹر محمدعبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر رحمت عالم کمیٹی) کے بھی خطابات ہوں گے۔ نیز اس کانفرنس میں دورحاضر میں امت مسلمہ کیلئے درپیش چیلنجس اور اس کا حل، معراج النبیؐ قرآن و احادیث کی روشنی میں، نماز کی فضیلت اور ترک نماز کے عذابات پر بصیرت افروز خطابات ہوں گے۔ سابقہ کانفرنسوں میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد کو دیکھتے ہوئے گورنمنٹ جونیر کالج گراونڈ چنچلگوڑہ پر وسیع تر نشستوں کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ محمد عادل اشرفی، محمد قادر خان قادری، محمد عبدالمنان عارف قادری، سید طاہر حسین قادری، محمد عبیداللہ سعدی قادری شرفی، مولانا ممتاز اشرفی نے تمام برادران اسلام سے گذارش کی ہے اس عظیم الشان کانفرنس کو وقت کی اہم ضرورت سمجھتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت فرما کر اس کانفرنس کو کامیاب بنائیں۔