چنڈی گڑھ میئر الیکشن کیس :سپریم کورٹ میں 19 فروری کو سماعت

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی :سپریم کورٹ پیر 19 فروری کو ریٹرننگ آفیسر انل مسیح کے ذریعہ چنڈی گڑھ میئر الیکشن میں بیلٹ پیپر کو مخدوش کیے جانے کو لے کر پیش کی گئی وضاحت پر سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ میں شائع کیس لسٹ کے مطابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت میں عدالت عظمیٰ انڈیا اتحاد سے میئر عہدہ کے امیدوار کلدیپ کمار کی عرضی پر سماعت کرے گی۔دراصل کلدیپ کمار نے اپنی عرضی میں پریزائڈنگ آفیسر پر ووٹ شماری کے دوران دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزامات لگائے ہیں۔
اس سے قبل عدالت عظمیٰ نے متعلقہ عہدیداروں سے 19 فروری کو عدالت میں اپنے رویہ کی وضاحت پیش کرنے کے لیے حاضر ہونے کو کہا تھا۔ 5 فروری کو سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ سماعت کے دوران عدالت میں ویڈیو چلائی گئی تھی۔ ریٹرننگ افسر کو اپنے رویہ (جیسا کہ ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے) پر صفائی دینے کے لیے لسٹنگ کی اگلی تاریخ پر اس عدالت کے سامنے موجود رہنا ہوگا۔

چیف جسٹس آف انڈیا چندرچوڑ نے عآپ کونسلر کی طرف سے پیروی کر رہے سینئر وکیل ابھشیک منو سنگھوی کے ذریعہ دستیاب کرائے گئے سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھنے کے بعد کہا تھا کہ یہ جمہوریت کا مذاق ہے۔ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ کیا یہ ایک ریٹرننگ افسر کا رویہ ہے جو کیمرے کی طرف دیکھ کر بیلٹ کو خراب کر رہے ہیں۔ اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہ شخص بیلٹ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ اس شخص کو سزا دی جانی چاہیے۔