چوتھے شہر ’ فیوچر سٹی ‘ کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے مذاکرات کا آغاز

   

میٹرو ٹرین کو موچرلہ تک توسیع کا ارادہ ۔ عالمی رئیل اسٹیٹ کمپنی کی بھی مجوزہ شہر میں نئے پراجیکٹس کی شروعات کرنے رضامندی

حیدرآباد 9 ستمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے ’فورتھ سٹی ‘ ( فیوچر سٹی )کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے مختلف شعبوں کے ذمہ داروں ‘ سرکاری عہدیداروں اور حکومت کے ذمہ داروں کے مذاکرات کا آغاز ہوچکا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت سے فورتھ سٹی کا جو منصوبہ تیار کیا جا رہاہے اس سے صنعتی اداروں اور سرمایہ کاروں کو واقف کرواتے ہوئے حکومت نئے شہر کے قیام میں جلد پیشرفت چاہتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق رئیل اسٹیٹ تاجرین اور اراضیات کی معاملتوں میں دلچسپی رکھنے والی سرکردہ کمپنیوں کے علاوہ بین الاقوامی کمپنیوں کے ذمہ داروں کو چیف منسٹر کے ویژن اور ’فورتھ سٹی ‘ کے منصوبہ کے علاوہ اس منصوبہ بند شہر کی ترقی سے متعلق اب تک کی گئی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا جانے لگا ہے۔ ریونت ریڈی اقتدار حاصل کرنے کے بعد سے مسلسل ’فورتھ سٹی ‘ کا تذکرہ کرکے یہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت شہر حیدرآباد‘ سکندرآباد اور سائبر آباد کے بعد اب ’فورتھ سٹی ‘ کی تعمیر اور اسے آباد کرنے کی منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہے اور اس منصوبہ کے تحت فورتھ سٹی میں حکومت نے انفارمیشن ٹکنالوجی صنعت کو فروغ دینے کے علاوہ اس نئے شہر تک حمل و نقل کی سہولتوں کو بہتر بنانے بھی مشاورت شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق رئیل اسٹیٹ ذمہ داروں اور سرکردہ کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقاتوں میں توثیق کی جاچکی ہے کہ حکومت نے حیدرآباد میٹرو ریل کو بھی فورتھ سٹی تک وسعت دینے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور محکمہ بلدی نظم و نسق اور آبرسانی عہدیداروں کو بھی اس نئے منصوبہ بندی شہر کو آباد کرنے تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے بیرونی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں و انفارمیشن ٹکنالوجی کمپنیوں کو بھی اس ’فورتھ سٹی‘ میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینی شروع کردی ہے۔انہوں نے گذشتہ دنوں شہر میں ہونے والی دو روزہ ’مصنوعی ذہانت ‘پر کانفرنس کے دوران بھی شریک کمپنیوں کے ذمہ دارو ںکو ’فورتھ سٹی ‘ میں سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس نئے شہر کو عصری ٹکنالوجی سے لیس اور ممکنہ حد تک منصوبہ بند انداز میں بسانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عہدیداروں کے مطابق مستقبل کو نظر میں رکھتے ہوئے قائم کئے جانے والے اس شہر کے اطراف واکناف کے علاقو ںمیں تیزی سے اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ عالمی شہرت یافتہ رئیل اسٹیٹ کمپنی نے ’فورتھ سٹی ‘ میں نئے پراجکٹس کا آغاز کرنے پر رضامندی بھی ظاہر کردی ہے اور مزید مذارکرات کا عمل جاری ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ اس کمپنی کے ذمہ داروں اور محققین نے گذشتہ دنوں موچیرلہ کے علاقہ کا دورہ کرکے اطراف و اکناف کے علاقوں میں سہولتوں کا جائزہ لینے کے بعد بعض اراضیات کی خریدی پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔حکومت نے ریاست میں چوتھے شہر کو آباد کرنے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس میں شامل عہدیداروں کا کہناہے کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ اس شہر کے قیام میں سرمایہ کاروں اور تاجرین سے مذاکرات کا آغاز کرچکی ہے لیکن ان مذاکرات کو بھی عوام کے درمیان لانے سے گریز کیا جا رہاہے کیونکہ اس شہر کی ترقی میں شامل شراکت داروں کی تجاویز کے حصول کے بعد ہی قطعی منصوبہ کا اعلان کیا جائے گا۔3