نئی دہلی ۔13 فبروری۔( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال میں چٹ فنڈ اسکام کی آج لوک سبھا میں گونج سنائی دی جس میں بائیں بازو اور کانگریس کے ارکان نے ترنمول کانگریس کو سرمایہ کاروں کی رقم لوٹ لینے کا مورد الزام ٹھہرایا ۔ ایسی اسکامات کے سلسلے میں پیش کردہ بل پر بحث کے دوران ترنمول کانگریس جو مغربی بنگال میں برسراقتدار ہے ، اُس کے ارکان نے ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج کیا ۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس رکن ادھیر رنجن چودھری نے کہاکہ ٹی ایم سی ریاست میں برسراقتدار ہے اور اُس نے عوام کو لوٹا ہے ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ لاکھوں لوگوں کو نقصان ہوا اور اُن کی رقم واپس کرنا چاہئے ۔ سی پی آئی ۔(ایم ) رکن محمد سلیم نے الزام عائد کیا کہ ٹی ایم سی کرپشن کے سبب وجود میں آئی اور یہاں تک ریمارک کیاکہ ایوان میں موجود اس پارٹی کے بعض ارکان کو جیل بھیج دینا چاہئے ۔ دونوں موقعوں پر بی جے پی ارکان کو جو ٹی ایم سی کے کٹر مخالف ہیں ، اپنے میزیں تھپتھپاتے ہوئے دیکھا گیا۔