نئی دہلی۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ پولیٹری صنعت کا کورونا وائرس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور چکن اور انڈے نہ صرف محفوظ اورتغذیہ بخش ہیں بلکہ ان میں موجود ‘ہائی کوالٹی پروٹین’ بیماری کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بناتا ہے ۔ پولیٹری تحقیق کے ڈائریکٹوریٹ اور حیدرآباد کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس جسم میں بیماری کیخلاف مزاحمت کم ہونے پر لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے ۔ ایسے میں گوشت خور لوگوں کو بیماری کیخلاف مزاحمت بڑھانے کیلئے غذا میں پڑوٹین کا اضافہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ کم مصالحے اور تیل میں اچھی طرح پکے چکن یا انڈے کو باقاعدگی سے غذا میں شامل کیا جا سکتا ہے ۔انسٹیٹیوٹ کے سربراہ سائنس داں ایم آر ریڈی اور چندن پاسوان نے کہا کہ چکن اور انڈے میں ‘ہائی کوالٹی پروٹین’ پایا جاتا ہے جس سے جسم میں مانع جسومیہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے لوگوں میں قدرتی طور پر بیماری سے لڑنے کی طاقت پیدا ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں میں اگر کورونا وائرس کی علامات پائی بھی جاتی ہیں تو جسم میں موجود بیماری کے خلاف مزاحمت کی وجہ سے اس کی حالت میں تیزی سے بہتری آتی ہے ۔ڈاکٹر ریڈی اور ڈاکٹر پاسوان نے کہا کہ پولیٹری فارم میں پرندوں کو اعلی معیار کی متوازن غذا دی جاتی ہے جن میں وٹامن، معدنیات اور دیگر غذائی اجزاء شامل ہوتے ہیں۔