چکن برائیلر میں کورونا وائرس کی اطلاعات بے بنیاد

   

ہندوستان میں کوئی بھی پرندہ وائرس سے متاثر نہیں ہوا: چیف وٹرنیری آفیسر

حیدرآباد۔/5 فبروری، ( سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کے چیف وٹرنیری آفیسر ڈاکٹر پی وینکٹیشور ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چکن برائیلر میں کورونا وائرس پھیلنے کے دعوؤں سے متعلق سوشیل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں اور غلط میسیجس پر یقین نہ کریں۔ ان افواہوں سے متعلق بعض پوسٹس چند دن سے سوشیل میڈیا پر تیزی سے گشت کررہے ہیں۔ وینکٹیشور ریڈی نے کہا کہ برائلر چکن میں کورونا وائرس پھیلنے کی اطلاعات بالکل غلط ہیں اور اس دعویٰ کی توثیق یا تصدیق کیلئے تاحال کوئی سائنسی ثبوت دستیاب نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں چکن برائیلر یا کسی بھی دوسرے پرندے میں کورونا وائرس پائے جانے کا ایک بھی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر گشت کرنے والی بعض تصاویر میں دَم توڑتے ہوئے پرندوں کو بتایا گیا ہے جو دراصل بہت پہلے کی وہ تصاویر ہیں جن میں یہ پرندے ’ رانی کھیت ‘ وباء سے متاثر ہوئے تھے۔ ڈاکٹر پی وینکٹیشور ریڈی نے کہا کہ چکن برائیلر میں کورونا وائرس پائے جانے کی افواہوں اور غلط اطلاعات کی سوشیل میڈیا پر گشت کے سبب پولٹری اور گوشت کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے بالخصوص پولٹری فارمرس کو بھاری نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں جو سوشیل میڈیا پر پھیلائی جارہی ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے چیف وٹرنیری آفیسر نے بیان کے آخر میں کہا کہ ہندوستانی پکوان میں شامل چکن اور انڈے استعمال کیلئے بالکل محفوظ ہیں۔