پرکاش نگر بیگم پیٹ میں فوڈ سیفٹی عہدیداروں کی کارروائی میں خطرناک انکشاف
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : شہر میں جاری فوڈ سیفٹی عہدیداروں کی کارروائی میں ایک اور حیرت ناک حقیقت کا پردہ فاش ہوا جو فاسٹ اور اسٹریٹ فوڈز کے شوقین کے لیے خوف و دہشت بن گئی ہے۔ بلدیہ کے فوڈ سیفٹی اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی بیگم پیٹ کے علاقہ پرکاش نگر میں انجام دی ۔ اس چکن سنٹر سے حکام نے بڑی مقدار میں چکن کو ضبط کرلیا ۔ جس میں سڑا ہوا چکن بھی شامل تھا ۔ جب ذمہ دار سے حکام نے پوچھا کہ کیا اس چکن کی مارکٹ میں سربراہ کیا جاتا ہے تو اس نے جواب دیتے ہوئے سب کو خوف میں مبتلا کردیا ۔ سڑے ہوئے چکن کے ساتھ سربراہ کی جارہی اشیاء میں مرغ کا جلد ، چربی اور مرض کے پیر شامل تھے جنہیں کیمیکل میں ملا کر فاسٹ فوڈ سنٹرس کے علاوہ فٹ پاتھ کے کاروباریوں اور بالخصوص شراب کی دوکانات بارس میں سربراہ کیا جاتا ہے ۔ بلدیہ کی خصوصی ٹیم نے اس چکن کو ضبط کرلیا جو تقریبا 7 سو کیلو پایا گیا ۔ فوڈ سیفٹی عہدیدار نے بتایا کہ پرکاش نگر بیگم پیٹ میں واقع بالیا چکن سنٹر پر یہ کارروائی کی گئی اس چکن سنٹر میں صفائی کا کوئی نظم نہیں ۔ ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی تھی اور مرغ کی جلد اور چربی کو بھی جمع کرتے ہوئے استعمال میں لایا جارہا تھا اور خطرناک انداز میں رکھا گیا۔ سڑے ہوئے چکن کو تازہ چکن میں ملاکر ہوٹلس اور ریسٹورنٹ میں سربراہی کی جارہی ہے ۔ بلدیہ کے فوڈ سیفٹی عہدیداروں کے مطابق بالیا چکن سنٹر پرکاش نگر بیگم پیٹ کا فاضل اور ناقص اور سڑے ہوئے چکن کو کتہ گوڑہ ، بھوئی گوڑہ ، مادھا پور ، میاں پور ، ای سی آئی ایل ، تارناکہ و دیگر علاقوں میں سربراہ کیا جاتا ہے ۔ اور ایسی اشیاء سیندھی کمپاونڈ ، شراب خانے ، بارس اینڈ ریسٹورنٹ کے علاوہ اسٹریٹ فوڈ سنٹرس ، فاسٹ فوڈ سنٹر پر سربراہ کیے جارہے ہیں ۔ بلدیہ کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے بتایا کہ ایک شکایت پر بالیا چکن سنٹر پر دھاوا کیا گیا تھا ۔ بلدیہ کی ٹیم نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد حدود کے تمام زونس اور سرکلس میں خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور ہر چکن مٹن سنٹر کے علاوہ فاسٹ فوڈ ، ریسٹورنٹ ہوٹلز اور دیگر کھانے کے مقامات پر جانچ کی جائے گی ۔ فوڈ سیفٹی عہدیداروں نے بالیا چکن سنٹر کو مہر بند کردیا اور کارروائی جارہی ہے ۔۔ ع