وی آر اے واسو معطل ، کلیدی رول ادا کرنے والی خاتون کی سیتھرنن کیلوبلکر کی حیثیت سے شناخت
گرفتار ہونے والوں میں بی آر ایس کے قائد میدک ڈی سی سی بی کے صدر نشین ، دوسرے سیاستداں اور تاجرین شامل
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کیسینو کنگ چکوٹی پراوین کمار کی ضمانت منظور ہوگئی ۔ چکوٹی پراوین اور اس کے ساتھ 83 ہندوستانیوں کو تھائی لینڈ میں جوا کھیلتے ہوئے پتائی کی پولیس نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا ۔ تمام ملزمین کو تھائی لینڈ کی ٹاسک فورس پولیس نے مقامی عدالت میں پیش کیا اور عدالت نے ان تمام کی مشروط ضمانت منظور کرلی ۔ عدالت نے 4500 بھات ( تھائی کرنسی ) جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی جرمانہ کی ادائیگی تک تمام ملزمین کے پاسپورٹس کو ضبط کرنے کی پولیس کو ہدایت دی ۔ جرمانہ کی ادائیگی کے ایک گھنٹے بعد انہیں پاسپورٹس واپس کردیا گیا ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چکوٹی پراوین آج شام یا کل صبح تھائی لینڈ سے حیدرآباد واپس ہوگا ۔ واضح رہے کہ کیسینو کنگ چکوٹی پراوین کو پولیس نے پیر کے دن ضلع بونگ لامونگ کے ایشیا پتایا کے ایک فور اسٹار ہوٹل میں جوا کھیلنے کے دوران گرفتار کرلیا تھا ۔ جوا کھیلنے کے دوران تھائی لینڈ میں پکڑے جانے والوں میں میدک ڈی سی سی بی صدر نشین چٹی دیویندر کے بشمول 80 سے زیادہ ہندوستانی شامل ہیں جن میں 19 نوجوان خواتین ہیں ۔ تھائی انٹلی جنس ایجنسی نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک ہندوستانی گینگ سیا پتایا کے ایک اسٹار ہوٹل میں جوا کھیل رہا ہے ۔ میجر جنرل کمپول لیلا پراپرن ، پتایا سٹی پولیس کمشنر چونبوری ، لیفٹننٹ کرنل شانتی کور کاسیم لیفٹننٹ کرنل تھانو پونگ فوٹی اور ایمگریشین ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے اس سارے واقعہ پر کڑی نگاہ رکھی تھی اور ہندوستانی گینگ کے اپنے وطن واپس ہونے سے ایک دن قبل دھاوا کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا اور پلان کے مطابق اتوار کی نصف شب کو آپریشن شروع ہوا اور 100 سے زیادہ پولیس ملازمین نے ہوٹل کو گھیر لیا ۔ اس ہوٹل میں 300 کمرے ہیں ۔ پولیس نے ہندوستانی گینگ کے کمروں اور کانفرنس ہال پر چھاپہ مارا پولیس کو دیکھ کر وہاں جوا کھیلنے والوں نے بھاگنے کی کوشش کی مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے ۔ اس ہوٹل سے 6 بیکریٹ ٹیبل ، 4 تاش کے پتوں کے ٹیبل 8 سی سی کیمرے جو راست ٹیلی کاسٹ کے لیے استعمال ہوتے ہیں تاکہ آن لائن میں ہندوستانیوں کو جوے میں حصہ لینے کی اجازت دی جاسکے ۔ تھائی لینڈ پولیس نے انکشاف کیا کہ 20 کروڑ روپئے نقد رقم ، ایکسچینج چپیس ، 87 سیل فون ، 363 ڈیبٹ / کریڈٹ کارڈ 790 نوٹ بک ، 92 منی کاونٹر سلپس اور 1.60 لاکھ روپئے کی ہندوستانی کرنسی ضبط کی گئی ۔ تھائی لینڈ میں گرفتار ہونے والے وی آر اے واسو کو کلکٹر نے بغیر اطلاع دئیے تھائی لینڈ جانے اور جوا کھیلتے ہوئے گرفتار ہونے پر فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا ۔ اس سارے معاملے میں کلیدی رول ادا کرنے والی خاتون کی سیتھرنن کیلویلکر کی حیثیت سے شناخت ہوئی وہ چکوٹی پراوین کی رائیٹ ہینڈ کی طرح کام کررہی ہے ۔۔ ن