حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) حسین ساگر کے سرپلس نالہ پر نو تعمیر شدہ چکڑپلی۔ دومل گوڑہ لنک برج کا آج باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ یہ اہم انفرااسٹرکچر منصوبہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تقریباً 6 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے جس کا مقصد علاقہ میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا اور شہری آمد و رفت کو سہل بنانا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں کانگریس کے رکن راجیہ سبھا، انیل کمار یادو، بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم گوپال، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، ڈپٹی میئر سری لتا شوبھن ریڈی کے علاوہ کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، ایڈیشنل کمشنر رگھو پرساد، زونل کمشنر روی کرن اور مقامی کارپوریٹرس نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نمائندوں نے کہا کہ یہ لنک برج چکڑپلی اور دومل گوڑہ کے درمیان رابطہ بہتر بنائے گا۔ ٹریفک مسائل بڑی حد تک گھٹ جائیں گے اور مقامی عوام کو سہولت ہوگی۔ عہدیداروں نے یقین دہانی کرائی کہ شہر میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے ایسے منصوبے آئندہ بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے جائیں گے۔ 2
