راہول گاندھی کے عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کیلئے کانگریس کے ارکان اسمبلی تائید کریں : کے ٹی آر
حیدرآباد : 9مارچ ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں بی آر ایس کی جانب سے چھ ضمانتوں کو قانونی حیثیت دینے کیلئے ایک پرائیوٹ ممبر بل پیش کیا جائے گا ۔ اس بل کے ذریعہ حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا تاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دی جاسکے ۔ آج سرسلہ میں منعقدہ پارٹی کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اگر یہ پرائیوٹ ممبر بل اسمبلی میں پیش ہوتا ہے تو حکومت کو اس پر غور کرنا پڑے گا اور وعدوں پر عمل کرنے کی سمت میں قدم اٹھانا ہوگا ۔ انہوں نے ہا کہ اس اقدام سے حکومت پر عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے دباؤ بڑھے گا ۔ کے ٹی آر نے بی آر ایس کے اس خانگی بل کی بھرپور تائید کرنے کی کانگریس کے ارکان اسمبلی سے اپیل کی ہے کیوننکہ یہ وہی وعدے ہیں جن کا ذکر راہول گاندھی نے کیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس حکومت اور چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے بعد کانگریس حکومت نے سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا ہے جو بھی وعدے کئے تھے انہیں عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہوگئی ۔ کے ٹی آر نے یاد دلایا کہ کانگریس کے قائدین سونیا گاندھی ، ملکاارجن کھرگے ننے تلنگانہ کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار حاصل کرنے کے 100دن کے اندر چھ ضمانتوں کو قانونی شکل دی جائے گی اور انہیں نافذ کیا جائے گا اور کابینہ کے پہلے اجلاس میں چھ ضمانتوں کو منظور کرتے ہوئے عمل کرنے کا بھی وعدہ کیا ۔ کانگریاس حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے مگر اس سمت میںکوئی ٹھوس پیشرفت نظر نہیں آرہی ہے ، جس کے بعد چھ ضمانتوں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے بی آر ایس نے پہل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کانگریس قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئے اور پرائیوٹ ممبر بل کی حمایت کریں اور تلنگانہ کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں ۔ 2