محبوب نگر میں ڈاکٹر امبیڈکر کی یوم پیدائش تقریب ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بڑی عرق ریزی سے تیار کردہ دستور سے ہی پسماندہ طبقات کے معاشی سماجی و سیاسی حقوق میں غیر معمولی اضافہ ہوا ۔ ان خیالات کااظہار ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج مستقر محبوب نگر کے امبیڈکر چوراہا سرکل پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھولا مالا چڑھاکر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر امبیڈکر کی 131 ویں یوم پیدائش دلت بندھو اسکیم کے تحت 11 ٹریکٹرس اور 2 گوڈس گاڑیاں تقسیم کیں ۔ اس کے علاوہ بین مذہبی شادیاں کرنے والے جوزوں کو مالی امداد حوالے کی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے امبیڈکر کلابھون کو جدید کاری کلا بھون میں تبدیل کیا جائے گا ۔ جس کیلئے فوری 50 لاکھ روپئے منظور کرنے کا انہوں نے اعلان کیا ۔ اس رقم سے موجودہ عمارت کو جدید تعمیر اور مکمل ایرکنڈیشنڈ کرتے ہوئے نشستوں میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے تیار کردہ دستور سے ہی ریزرویشن حقوق حاصل کرتے ہوئے پسماندہ طبقات آج مستفید ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ آج بھی بعض مقامات پر چھوت چھات کا ماحول ہے جس کو ختم کرنا ضروری ہے ۔ اس کے خاتمہ کیلئے امبیڈکر نے تعلیم کو ضروری قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کے تحت دلتوں کو 10 لاکھ روپئے دئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں ہر اسمبلی حلقہ میں 100 آدمیوں میں تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن سورنا سدھاکر ریڈی ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ ، ضلع ایس پی وینکٹیشورلو ، ایڈیشنل کلکٹر ستیاراما راؤ ، میونسپل چیرمین نرسملو لائبریز چیرمین راجیشور گوڑ سوشیل ویلفیر ڈپٹی ڈائرکٹر یادیا کے علاوہ دلت تنظیموں کے نمائندے اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔
٭٭ الفیض ویلفیر سوسائٹی محبوب نگر کے صدر جہانگیر بابا اور سکریٹری محمد یعقوب نے ڈاکٹر امبیڈکر کے یوم پیدائش کی مناسبت سے امبیڈکر چوراہا پر واقع ڈاکٹر امبیڈکر مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں کہا کہ ہمارے ملک کے آئین کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر نے دستور کے ذریعہ پسماندہ طبقات کو تمام میدانوں میں تحفظات کے ذریعہ بڑی ترقی کے راستے ہموار کئے جس سے آج یہ طبقات غیر معمولی فائدہ اٹھارہے ہیں ۔