چھکے مارنے میں توانائی کم خرچ ہوتی : بین ڈنک

   

لاہور۔11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پی ایس ایل 5 میں لاہور قلندرز کے آسٹریلیائی وکٹ کیپربیٹسمین بین ڈنک نے اپنے چھکوں کے ذریعے ڈنکا بجانے کا راز بتادیا ہے ۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین بین ڈنک نے کہا کہ چھکے مارنا پسند ہے کیونکہ اس میں کم توانائی کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ وکٹوں کے درمیان بھاگنے کیلئے زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری توجہ جیت پرہوتی ہے اور جیت میں کسی بھی کھلاڑی کا کردار ہو سکتا ہے ، ٹیم کی اچھی کارکردگی میں صرف میرے چھکے شامل نہیں ہیں بلکہ دوسرے کھلاڑیوں نے بھی اچھا مظاہرہ بھی شامل ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے صرف پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر بین ڈنک نے کہا کہ میں اتنا خوش قسمت نہیں رہاکہ آسٹریلیا کی جانب سے زیادہ کھیل سکوں میں جہاں بھی کھیل رہا ہوں اچھا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں اس وقت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن اپنی کارکردگی جاری رکھوں گا۔ مجھے نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلنا اچھا لگے گا لیکن اس وقت میری توجہ پی ایس ایل میچز پر ہے کہ ہم آئندہ میچز میں بھی اچھا کھیلیں اور ٹرافی جیتیں۔