جگتیال۔/9جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مائیناریٹی کمیشن کے چیرمین محمد قمر الدین نے پہلی مرتبہ ضلع جگتیال کا دورہ کیا۔ ضلع جگتیال کے مؤضع پولاس کا دورہ کرنے پر مقامی مسجد کے امام و کمیٹی کے ممبران کے علاوہ مقامی مسلم رہنماؤں نے اپنے مسائل مسجد کا مرمتی کام ، مسجد اور قبرستان کے کمپاؤنڈ کی دیوار کی تعمیر ، مسلم شادی خانہ کی تعمیر اور عیدگاہ کمپاؤنڈ کی دیوار کی تعمیر کو پیش کیا۔ مسائل کی تفصیلات کی جانکاری کے بعد انھوں نے کہا کہ ان تمام امور سے متعلق محکمہ اقلیتی بہبود کے ضلعی عہدیدار کے ذریعہ اسسٹنٹ انجینئر کی رائے حاصل کرتے ہوئے تفصیلات سی ای او وقف بورڈ کو روانہ کریں۔ان کاموں کیلئے ریاستی موازنہ سے مالیہ فراہم کرنے کاانھوں نے تیقن دیا۔ اس موقع پر ضلع ایس پی سندھو شرما، محکمہ اقلیتی بہبود کے ضلعی عہدیدار این وینکٹیش ، سپرنٹنڈنٹ محمود علی اور اقلیتی طبقہ کے ضلعی قائدین اور دیگر موجود تھے۔
