چیریال پی ایچ سی طبی عملہ پر ہریش راؤ کی برہمی

   

30 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کی نئی عمارت اور دوسری تجاویز روانہ کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے ضلع سدی پیٹ کے چیریال ( پی ایچ سی ) پرائمری ہیلت سنٹر کا دورہ کیا ۔ طبی عملہ کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ انداز کارکردگی تبدیل نہ کرنے پر معطل کردینے کا انتباہ دیا ۔ بعد ازاں مقامی رکن اسمبلی ایم یادگیری ریڈی تلنگانہ ودیا ودھنا پریشد کمشنر اجئے ڈی ایم ایچ او منوہر سپرنٹنڈنٹ مہیش ڈسٹرکٹ میڈیکل نوڈل آفیسر کاشی ناتھ اور طبی عملہ کے ساتھ پی ایچ سی کو ترقی دینے اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے ڈاکٹرس کو 24 گھنٹے خدمات انجام دیتے ہوئے عوام کو دستیاب رہنے کا مشورہ دیا ۔ چیریال پی ایچ سی کے حدود میں کام کرنے والے اے این ایمز کی تعداد کے بارے میں دریافت کرنے پر ڈپٹی ڈی ایم ایچ او رجنی نے صحیح جواب نہیں دیا جس پر وزیر نے ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ماضی میں دو دن میں تمام تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ایک ماہ مکمل ہونے کے باوجود رپورٹ وصول نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی ڈی ایم ایچ او رجنی کو چریال پی ایچ سی کا سپرنٹنڈنٹ بنا دینے کی ٹی وی وی پی کمشنر کو ہدایت دی ۔ چیریال میں 30 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کی نئی عمارت ، دو آپریشن تھیٹرس ، لیبر روم ، مردہ خانہ کے علاوہ دوسری تجاویز ایک ہفتہ میں روانہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ فی الحال پی ایچ سی عمارت کی عارضی مرمت کے لیے ضرورت کے مطابق فنڈز جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ مرمتی کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے پر زور دیا ۔ ساتھ ہی چیریال پی ایچ سی کو مزید ایک گائنکولوجسٹ دو ایم بی بی اس ڈاکٹرس ایک بچوں کا ڈاکٹر اور ایک انستھیسیا کی فوری خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔۔ ن