چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کی سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ انعقاد کی تیاریوں سے واقف کرایا اور سیاسی پارٹیوں کی تجاویز حاصل کی۔ اجلاس میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں جاری تیاریوں کے علاوہ سیاسی پارٹیوں کے اندیشوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی۔ وکاس راج نے واضح کیا کہ رائے دہی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور نقائص سے پاک رہے گا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی گائیڈ لائنس پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے فہرست رائے دہندگان اور پولنگ اسٹیشنوں میں سہولیات کے بارے میں نمائندگی کی۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری، ناموں کی شمولیت اور اخراج کے طریقہ کار سے بھی واقف کرایا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ 15 جولائی تک فہرست رائے دہندگان کے بارے میں اعتراضات قبول کئے گئے جن کی یکسوئی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیداروں کے ذریعہ فہرست رائے دہندگان کی جانچ کی جارہی ہے تاکہ ایک سے زائد درج ناموں کو حذف کیا جائے۔ پولنگ اسٹیشنوں سے متعلق تفصیلات رائے دہندوں تک فراہم کرنے کیلئے میکانزم طئے کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے عہدیداروں کی ٹریننگ کی تفصیلات پیش کی۔ جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے بوتھ سطح کے ایجنٹس اور دیگر سہولتوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ جائنٹ چیف ایگزیکیٹو آفیسر سرفراز احمد اور ایڈیشنل چیف ایگزیکیٹو آفیسر لوکیش کمار نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی کارکردگی اور وی وی پیاٹس کے بارے میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو واقف کرایا۔ ای وی ایم مشینوں کے مظاہرے کیلئے مقرر کردہ مراکز اور موبائیل ویانس کے بارے میں عوام کو باشعور بنایا جائے گا تاکہ وہ رائے دہی کے طریقہ کار سے واقف ہوں۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے امید ظاہر کی کہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی میں الیکشن کمیشن کو سیاسی پارٹیوں کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔