فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت اور پولنگ اسٹیشنوں میں سہولتوں کا جائزہ
حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے فہرست رائے دہندگان اور دیگر اُمور پر آج سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں بی جے پی، تلگودیشم، کانگریس، سی پی آئی ایم اور مجلس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے 17 سے 18 سال عمر کے نوجوانوں کو فہرست رائے دہندگان میں نام شامل کرنے کیلئے دی گئی سہولتوں اور تاریخ میں توسیع سے واقف کرایا۔ انہوں نے پولنگ اسٹیشنوں کی موجودہ صورتحال اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے واقف کروایا۔ وکاس راج نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں میں پینے کے پانی، فرنیچر، برقی، معذورین کیلئے ریمپ، ہیلپ ڈیسک، ٹائیلٹس اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق سرکاری عہدیدار تمام پولنگ اسٹیشنوں میں مستقل طور پر سہولتوںکو یقینی بنائیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت سے متعلق ریٹرننگ آفیسر کی خدمات سے واقف کرایا اور کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کیلئے 1785 عہدیدار ناکافی ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 34891 ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں یکساں طور پر ناموں کی موجودگی پر نظر رکھیں۔ فہرست رائے دہندگان کو نقائص سے پاک بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن کے پاس 4 لاکھ درخواستیں زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قبائیل اور دیگر طبقات کو رائے دہی میں شامل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس کو نتیجہ خیز اور بامعنی قرار دیا اور کہا کہ آزادانہ و منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سیاسی پارٹیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے بارے میں اپنی تجاویز پیش کریں۔ ڈپٹی چیف الیکٹورل آفیسرس مس ستیہ وانی اور ایم اے حمید اجلاس میں شریک تھے۔ر