چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ ہیما کوہلی کو سپریم کورٹ میں ترقی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔18 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس ہیما کوہلی کو ترقی دے کر سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا جارہا ہے ۔ چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس این وی رمنا اور 4 سینئر ججس پر مشتمل کالجیم میں 9 ناموں کی سفارش کی ہے جنہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا جائے گا ۔ ان میں تین خاتون ججس کے نام شامل ہیں۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس ہیما کوہلی ، چیف جسٹس کرناٹک ہائی کورٹ جسٹس ناگا رتنا اور گجرات ہائی کورٹ کی چیف جسٹس بیلا تریویدی خاتون ججس میں شامل ہیں۔ سپریم کورٹ بار کی جانب سے تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے جسٹس پی ایس نرسمہا کے نام کی سپریم کورٹ جج کے طور پر سفارش کی گئی ہے۔ کرناٹک ہائی کورٹ کی چیف جسٹس بی وی ناگارتنا توقع ہے کہ فروری 2027 ء میں ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس آف انڈیا ہوں گی اور 8 ماہ کیلئے اس عہدہ پر برقرار رہیں گی۔ R
جسٹس ناگا رتنا کے والد جسٹس ای ایس رینکٹ رمیا 1989 ء میں چند ماہ کیلئے چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ پر فائز رہے۔ جسٹس ایس اے بوبڈے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اپنی 17 ماہ کی میعاد کے دوران ایک بھی تقرر نہیں کیا تھا۔ کالجیم نے جن دیگر ناموں کی سپریم کورٹ جج کیلئے سفارش کی ہے، ان میں گجرات، کرناٹک ، سکم ، کیرالا ہائی کورٹس سے تعلق رکھنے والے ججس شامل ہیں۔ سپریم کورٹ میں فی الوقت صرف ایک ہی خاتون جج ہے جو جسٹس اندرا بنرجی ہیں جو کہ ستمبر 2022 ء کو وظیفہ پر سبکدوش ہوں گی۔ R