مرکز سے درخواست ‘چیف منسٹر کا مکتوب، چیف سکریٹری عہدہ کیلئے 10 سینئر عہدیدار منتظر
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے موجودہ چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ کی میعاد میں 3 ماہ کی توسیع کے لئے مرکز کو تجویز روانہ کی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق حکومت نے گزشتہ ہفتہ مرکز کو تجویز روانہ کرتے ہوئے رام کرشنا راؤ کی میعاد میں 3 ماہ کی توسیع کو منظوری دینے کی درخواست کی ہے۔ رام کرشنا راؤ گزشتہ سال اگست میں وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے تھے اور حکومت نے مرکز سے 7 ماہ کی توسیع حاصل کی جو 31 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے جون تک مزید توسیع کے لئے مرکز سے درخواست کی ہے۔ مرکز کی جانب سے عام طور پر سینئر عہدیداروں کی میعاد میں ریاستی حکومت کی درخواست پر 6 ماہ کی توسیع دی جاتی ہے۔ اڈیشہ اور مدھیہ پردیش حکومتوں کی درخواست پر چیف سکریٹریز کی میعاد میں ایک سال کی توسیع دی گئی۔ دونوں ریاستوں کی مثال پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکز کو مکتوب روانہ کیا جس میں رام کرشنا راؤ کی میعاد میں 3 ماہ کی توسیع کی درخواست کی گئی۔ 3 ماہ کی توسیع کے باوجود رام کرشنا راؤ کی مجموعی توسیعی مدت ایک سال سے کم رہے گی۔ بتایا جاتا ہیکہ چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر گزشتہ ہفتہ نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ مرکزی وزیر نے میعاد میں توسیع کا کوئی واضح تیقن نہیں دیا تاہم کہا کہ اس معاملہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے رجوع کریں گے۔ تلنگانہ حکومت کو امید ہے کہ مرکز رام کرشنا راؤ کی میعاد میں 3 ماہ کی توسیع کرے گا۔ دوسری طرف چیف سکریٹری کے عہدے کے لئے تلنگانہ میں اسپیشل چیف سکریٹری رتبہ کے 10 عہدیدار موجود ہیں ان میں سے 3 یا 4 ناموں کو شاٹ لسٹ کرکے نئے چیف سکریٹری کا انتخاب کیا جائیگا۔ اس عہدہ کے اہم دعویداروں میں جیش رنجن اور وکاس راج شامل ہیں۔ 1