چیف سکریٹری سومیش کمار کا عہدیداروں کے ہمراہ دورہ ٹولی چوکی

   

Ferty9 Clinic

اناپورنا کینٹین سے کھانے کی تقسیم کا جائزہ، روزانہ دو لاکھ افراد کو غذا کی سربراہی

حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں لاک ڈائون کے نتیجہ میں کوئی شخص بھوکا نہ رہے۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق 300 اناپورنا سنٹرس میں روزانہ دو لاکھ افراد کو صبح اور شام کھانا سربراہ کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری نے آج پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ٹولی چوکی علاقہ میں اناپورنا سنٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سومیش کمار نے کہا کہ جی ایچ ایم سی 9 میونسپل کارپوریشن میں 300 اناپورنا مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ مزید 500 مراکز کے قیام کی تجویز ہے جو بہت جلد شروع ہوجائیں گے۔ صبح 10:30 سے دیڑھ گھنٹے تک اور شام 5 بجے غریبوں میں غذاء تقسیم کی جاتی ہے۔ روزانہ تقریباً دو لاکھ افراد کو غذاء سربراہ کی جارہی ہے۔ ضرورت پڑنے پر حکومت مزید مراکز کے قیام کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سرکل میں ایک خصوصی گاڑی تیار رکھی گئی جو مختلف علاقوں میں تیار شدہ کھانا منتقل کرنے کا کام انجام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے کال سنٹر 21111111 پر غذاء کے سلسلہ میں ربط قائم کرسکتے ہیں۔ جی ایچ ایم سی ایپ کے ذریعہ بھی غذاء کے سلسلہ میں نمائندگی کی جاسکتی ہے۔ سومیش کمار نے کہا کہ ہر ضرورتمند اور مستحق کو غذاء کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ غذاء کی سربراہی کے سلسلہ میں روزانہ اعلی سطحی اجلاس میں جائزہ لیا جارہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس کام میں جی ایچ ایم سی سے تعاون کریں اور مزید بہتر عمل آوری کے لیے تجاویز پیش کریں۔ جہاں کہیں مسائل ہیں اس کی حکومت کو فوری اطلاع دی جائے۔
انہوں نے اناپورنا کینٹین کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔