مقدمات کیلئے عوامی رقومات کا خرچ، ہائی کورٹ کے فیصلہ کو کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف سکریٹری سومیش کمار کو چیف سکریٹری کے عہدہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد سومیش کمار کو عہدہ پر برقراری کا حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں کے خلاف توہین عدالت کے مقدمات کی پیروی کیلئے سرکاری خزانہ سے 58 کروڑ روپئے کی اجرائی سے متعلق جی او سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے سرکاری خزانہ سے مقدمات کی پیروی کے لئے فنڈس کی اجرائی پر اعتراض کیا ہے اور حکومت کو فنڈس جاری نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ شراون کمار نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ جی او 208 کے خلاف ہائی کورٹ کا فیصلہ نہ صرف حکومت بلکہ عہدیداروں کے انداز کارکردگی کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت چیف سکریٹری کیلئے ٹیکس دہندگان کی رقم خرچ کر رہی ہے۔ چیف سکریٹری کے لئے وکلاء کو سرکاری خزانہ سے بھاری رقومات ادا کرنا مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں موجود حکومت کے وکلاء کے بجائے خانگی وکلاء کی خدمات کیوں حاصل کی جارہی ہے ۔