وزیر صحت ہریش راؤ کا جائزہ اجلاس، تمام انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر 15 ستمبر کو 9 میڈیکل کالجس کا بیک وقت افتتاح کریں گے۔ محکمہ صحت کو افتتاحی تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے تمام انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جاریہ طی تعلیمی سال کاماریڈی، کریم نگر، کھمم، جئے شنکر بھوپال پلی، کمرم بھیم آصف آباد، نرمل، راجنا سرسلہ، وقارآباد اور جنگاؤں میں نئے میڈیکل کالجس کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ وزیر صحت نے آج آروگیہ شری ہیلت کیر ٹرسٹ آفس میں محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی خدمات اور طلبہ کو طبی تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت نے ریاست کے ہر ضلع میں ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ سال ایک ہی پلیٹ فارم سے چیف منسٹر کے سی آر نے 8 میڈیکل کالجس کا افتتاح کیا تھا۔ جاریہ ماہ 15 ستمبر کو 9 میڈیکل کالجس کا افتتاح کریں گے جس کے ساتھ ہی ان کالجس میں کلاسیس کا آغاز ہوجائے گا۔ ہریش راؤ نے متعلقہ کالجس کے پرنسپلس کو ہدایت دی کہ وہ خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے داخلوں کے عمل کو مکمل کریں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل ریاست میں صرف 5 میڈیکل کالجس تھے اس میں بھی تین میڈیکل کالجس آندھرا پردیش کی تشکیل سے قبل قائم کئے گئے تھے۔15 ستمبر کو 9 میڈیکل کالجس کے افتتاح کے بعد ریاست میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر 26 تک پہنچ جائے گی۔ ایم بی بی ایس کی 900 نئی نشستیں دستیاب ہوئی ہیں۔ اس طرح سال 2014 کے 5 گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 850 ایم بی بی ایس کی نشستیں تھیں اب ان کی تعداد بڑھ کر3915 تک پہنچ گئی ہے۔ن