چیف منسٹر اے پی جگن کا دورہ دہلی ناکام ، مرکز سے حصول تیقنات سے قاصر

   

ریاست میں نظم و نسق ٹھپ ، سابق وزیر و قائد تلگو دیشم آنند بابو کا شدید ردعمل
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی و سابق وزیر مسٹر این آنند بابو نے چیف منسٹر مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے دورہ دہلی کا مضحکہ اڑایا اور کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ دہلی سے ریاستی عوام نے بہت کچھ توقعات وابستہ کئیے ہوئے تھے ۔ لیکن مسٹر جگن موہن ریڈی کے دورہ دہلی سے کچھ حاصل نہ ہونے پر عوام میں مایوسی پائی جارہی ہے ۔ مسٹر ین آنند بابو نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر دہلی پہونچکر وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم سے کوئی واضح تیقنات بھی حاصل نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے جگن موہن ریڈی کم از کم اخباری نمائندوں کو وزیراعظم کے ساتھ ہوئی بات چیت اور دئیے گئے کسی تیقنات کے تعلق سے واقف کروانے کے موقف میں بھی نہیں رہے ۔ سابق وزیر نے جگن موہن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اب تک چیف منسٹر نے چار مرتبہ دہلی کا دورہ کیا اور مرکزی حکومت سے کچھ بھی حاصل نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں کہ چیف منسٹر نے وزیراعظم سے ریاست کو درپیش مسائل کی یکسوئی اور ریاست کی ترقی کے لیے درکار رقومات کے حصول کے لیے ملاقات کی یا ان کے خلاف پائے جانے والے مختلف کیسیس سے انہیں راحت دینے کی منت و سماجت کرلینے کی خواہش کرنے کے لیے ملاقات کی ؟ مسٹر این آنند بابو نے ریاستی حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ ریاست میں امن و ضبط اور نظم و نسق کا کوئی اتہ پتہ دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے عہدیداروں پر حملے کرنے اور ان پر ظلم و زیادتیاں کرنے کے اقدامات کررہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں سابق وزیر نے کہا کہ وائی ایس آر پارٹی کے رکن اسمبلی کی جانب سے ایک خاتون عہدیدار کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار کیا گیا ۔ لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ جب اس واقعہ کی مختلف گوشوں سے مذمت کی گئی تب ہی حکومت نے رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کا اقدام کیا ۔۔