چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی حکمرانی ہر محاذ پر ناکام

   

ٹی آر ایس حکومت کا عنقریب چراغ گل ہوجائے گا ، صدر بی جے پی تلنگانہ ڈاکٹر کے لکشمن کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس زیر قیادت ریاستی حکومت ’ بہت جلد بجھنے والے چراغ ‘ کی مانند ہے کیوں کہ مسٹر چندر شیکھر راؤ ریاست میں اپنی حکمرانی کو چلانے میں ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوچکے ہیں ۔ صدر تلنگانہ ریاستی بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن نے اس بات کا اظہار کیا کہ ریاست میں مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا چراغ غیر یقینی دکھائی دے رہا ہے اور کبھی بھی کسی بھی وقت ’ گل ‘ ہوجاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن ہڑتالی ملازمین کے ساتھ اپنی بھر پور تائید کرتے ہوئے ہڑتالی ملازمین سے خطاب کے دوران بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد میں کبھی حصہ تک نہ لینے والے اور جدوجہد تلنگانہ کے خلاف اپنی مہم چلاتے ہوئے وزراء آج تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال کے تعلق سے اپنا اظہار خیال کررہے ہیں اور یہ تمام وزراء تلنگانہ جدوجہد اور آر ٹی سی ملازمین کے تعلق سے اظہار کرنا ہی ان وزراء کے لیے ہی انتہائی شرمناک بات ہے ۔ انہوں نے وزراء پر الزام عائد کیا کہ ہڑتالی ملازمین کو مشتعل کرنے اور اکسانے کی کوشش کے ذریعہ انہیں دل برداشتہ ہو کر ہڑتالی ملازمین کو پر تشدد واقعات اور خود کشی وغیرہ جیسے واقعات کے لیے مجبور کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر لکشمن نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت الفاظ میں ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ حکومت کے اختیار کردہ طرز عمل سے دل برداشتہ ہو کر خود سوزی کرلینے والے ہڑتالی ورکرس سرینواس ریڈی اور بس کنڈکٹر سریندر گوڑ سے کم از کم تعزیت کا اظہار تک نہیں کیا ۔ یہاں تک کہ مہلوک ہرتالی ملازمین کے افراد خاندان سے آج تک ملاقات کر کے انہیں پرسہ دینے سے تک گریز کیا ۔۔