شفافیت کے لیے سی ایم آر ایف ویب سائیٹ پر تفصیلات پیش کرنے کا مشورہ : محترمہ لبنیٰ ثروت
حیدرآباد۔29مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت چیف منسٹر ریلیف فنڈ کے ذریعہ وصول کئے جانے والے فنڈس اور اخراجات سے عوام کو واقف کروائے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ وزیر اعظم نریندر مودی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی عطیات کی وصولی کو مخفی نہ رکھیں بلکہ سی ایم آر ایف کی جو ویب سائٹ ہے اس پر تمام تر تفصیلات کے اندارج کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ محترمہ لبنیٰ ثروت نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں شفافیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے کووڈ 19 لا ک ڈاؤن کے دوران عوام سے بھاری مقدار میں عطیات جمع کئے گئے ہیں اور ریاست کے عوام کو اس بات کا حق حاصل ہے کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں کن لوگوں نے عطیہ دیا ہے اور چیف منسٹر نے ان عوامی عطیات کو کس طرح استعمال کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے آغاز کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر عطیات کی وصولی کے سلسلہ میں مہم چلائی جاتی رہی اور یہ کہا جاتا رہا کہ ریاستی حکومت چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں وصول کی جانے والی رقومات کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے غریب عوام کیلئے راحت کاری کے کام انجام دے گی لیکن مختلف گوشوں سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت نے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں وصول کی گئی رقومات کا استعمال نہیں کیا جس کے نتیجہ میں صورتحال انتہائی ابتر ہوتی چلی جار ہی ہے۔ محترمہ لبنیٰ ثروت نے کہا کہ حکومت کو CMRF کے معاملہ میں مکمل شفافیت اختیار کرتے ہوئے ویب سائٹ پر تمام تفصیلات عوام کے مشاہدہ کے لئے رکھنے پر زور دیا تاکہ عطیہ دہندگان کو بھی پتہ چلے کہ ان کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات کا کہاں استعمال کیا جارہا ہے۔
