حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں کل ہند صنعتی نمائش کا کل 3 جنوری جمعہ کو افتتاح عمل میں آئے گا جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ نمائش سوسائٹی نے اس سال تاجروں کو تقریباً 2200 اسٹالس الاٹ کئے ہیں ۔ نمائش میں کراکری ، راجستھان، اترپردیش اور دیگر ریاستوں سے تیار شدہ سامان ، کشمیر سے شال، دستکاری اشیاء وغیرہ جیسے سامان دستیاب ہونگے ۔ نمائش میدان میں کھانے کے کئی اسٹالس بھی لگے ہیں جہاں مٹھائی، حلیم و دیگر کھانوں کا مزہ لیا جاسکتا ہے۔ بچوں کے لطف اندوز ہونے کیلئے پنڈال میں جوائے رائیڈس شامل ہیں۔ روایتی طور پر نمائش کا افتتاح ہر سال یکم؍ جنوری کو ہوتا ہے تاہم سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے باعث قومی سوگ کی وجہ سے افتتاحی تقریب کو 3 جنوری تک ملتوی کردیا گیا۔ داخلہ ٹکٹ فی شخص 50 روپئے رکھا گیا ہے۔ نمائش کی وجہ سے ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ٹریفک مسئلہ سے نمٹنے ٹریفک پولیس نے بھی تمام انتظامات کئے ہیں اور ساتھ ہی لاء اینڈ آرڈر پولیس بھی تعینات رہے گی۔ نمائش کے دوران چوروں اور لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے منچلوں پر پولیس کی خاص نظر رہے گی۔ شی ٹیمیں بھی نمائش میں موجود رہیں گی۔ (ش )