حیدرآباد ۔ 27۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی شلپا لے آؤٹ فلائی اوور کا ہفتہ کو افتتاح کریں گے ۔ یہ فلائی اوور آؤٹر رنگ روڈ کونڈا پور کو مربوط کرے گا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے نام سے فلائی اوور کو موسوم کیا گیا ۔ افتتاح کے بعد عوام کو او آر آر سے کونڈا پور بہتر انداز میں سفر اور مسافت طئے کرنے میں مدد ملے گی۔ آئی ٹی راہداری جانے والے افراد کیلئے یہ فلائی اوور بہتر ثابت ہوگا۔ گچی باؤلی جنکشن اور دیگر علاقوں میں ٹریفک جام پر قابو پانے مدد ملے گی اور موٹر کار سواروں کے وقت کی بچت ہوگی۔ ایس آر ڈی پی کے تحت فلائی اوور کی تعمیر پر 182.72 کروڑ کی لاگت آئی ہے۔ فلائی اوور 1.2 کیلو میٹر طویل اور 24 میٹر چوڑا ہے جس پر ٹریفک کیلئے 6 لین ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق کونڈا پور سے براہ گچی باؤلی کسی بھی ٹریفک جام کے بغیر مسافرین راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ حیدرآباد میں انفراسٹرکچر کی ترقی میں یہ فلائی اوور اہم اضافہ ثابت ہوگا۔ ایس آر ڈی پی کے تحت گریٹر حیدرآباد میں یہ 23 واں فلائی اوور ہے۔ اس پروگرام کے تحت جملہ 42 ترقیاتی کام شروع کئے گئے جن میں 37 مکمل ہوچکے ہیں اور شلپا لے آؤٹ فلائی اوور شامل ہیں۔1