چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اُن کی ٹیم کا ہیروشیما صوبائی اسمبلی میں استقبال

   

اسپیکر نے اسمبلی کی کارکردگی سے واقف کرایا، ہیروشیما اور تلنگانہ میں مختلف شعبہ جات میں تعاون سے اتفاق
حیدرآباد 22 اپریل (سیاست نیوز) ہیروشیما صوبائی اسمبلی کی اسپیکر تاکاشی ناکاماٹو اور صوبائی اسمبلی کے ارکان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اُن کی ٹیم کا روایتی انداز میں استقبال کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے علاوہ ریاستی عہدیداروں جیش رنجن، وی شیشادری، اجیت ریڈی، وشنووردھن ریڈی اور دوسروں نے صوبائی اسمبلی کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون اور امن اور سلامتی کے نظریہ کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اسپیکر ناکاماٹو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر سریدھر بابو کو بطور اعزاز اپنی نشست تک پہنچایا۔ صوبائی اسمبلی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ تاریخی شہر ہیروشیما کے دورہ پر اُنھیں خوشی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہیروشیما کا مطلب اور معنیٰ نئی اُمید کے ہیں۔ ہیروشیما کے عوام نے متحدہ طور پر ترقی کا تہیہ کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ اگر وہ چاہیں تو صورتحال تبدیل کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہیروشیما کی طرح تلنگانہ نے بھی علیحدہ ریاست کے لئے جدوجہد کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نئی ریاست تلنگانہ میں مختلف شعبہ جات میں ترقی حاصل کرتے ہوئے ملک کے لئے مثال قائم کی ہے۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے کہاکہ ہیروشیما اور تلنگانہ مختلف روایات اور اقدار میں یکسانیت رکھتے ہیں۔ دونوں جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ ہیروشیما امن، خوشحالی اور پائیداری کی علامت ہے اور تلنگانہ بھی اِسی نظریہ کا حامل ہے۔ سریدھر بابو نے کہاکہ میں یہاں سرمایہ کاری کے بارے میں بات چیت کرنے کے لئے نہیں بلکہ پارٹنرشپ کی اُمید کے ساتھ آیا ہوں۔ ہیروشیما اور تلنگانہ میں پارٹنرشپ دونوں کی دیرپا اور پائیدار ترقی میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ جاپان کی 50 سے زائد کمپنیاں تلنگانہ میں اپنی سرگرمیوں کے ذریعہ بہتر مظاہرہ کررہی ہیں۔ ہم جاپان کی مزید کمپنیوں کے استقبال کے لئے تیار ہیں۔ کلین انرجی الیکٹرک موبیلیٹی، گرین ہائیڈروجن اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ سریدھر بابو نے ہیروشیما حکومت کے عہدیداروں اور بزنس لیڈرس کو تلنگانہ کے دورہ کی دعوت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہیروشیما کے صنعتی اداروں کے لئے تلنگانہ ہندوستان کا گیٹ وے ثابت ہوسکتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ صوبائی ارکان اسمبلی نے تلنگانہ کے وفد کو بزنس چیمبر راؤنڈ ٹیبل کا معائنہ کرایا اور پھر گاندھی میموریل، ہیروشیما میموریل پارک اور ایٹمی بم کے مقام پر تعمیر کردہ گنبد کا معائنہ کرایا۔1