بارش سے آبادیوں کو بچانے منصوبہ تیار کیا جائے، مقامی افراد اور خواتین نے ڈرینیج سسٹم کی شکایت کی، چیف منسٹر کے دورہ پر عوام کا اظہار اطمینان
حیدرآباد۔ 10 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج حیدرآباد میں موسلادھار بارش سے علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور مشکلات اور دشواریوں کے بارے میں دریافت کیا۔ چیف منسٹر نے امیر پیٹ کے بدھانگر، مائتری ونم، بلکم پیٹ، گنگوبائی بستی اور اطراف کے علاقوں کی صورتحال کا برسر موقع جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کے رویہ پر ناراضگی جتائی۔ چیف منسٹر نے مقامی عوام سے بات چیت کی اور بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی اور ڈرینیج سسٹم کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بدھا نگر میں چیف منسٹر کو بتایا کہ ڈرینیج لائن کالونی کی سڑک سے اونچی ہے جس کے نتیجہ میں بارش کا پانی کالونی میں داخل ہو رہا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈرینیج لائن کو بہتر بناتے ہوئے کالونی میں پانی کے بہاؤ کو روکا جائے۔ مقامی افراد نے گنگوبائی بستی میں واقع چھوٹے کنٹے کو گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مٹی سے بھردینے کی شکایت کی۔ چیف منسٹر نے ذخیرہ آب کے تحفظ کی عہدیداروں کو ہدایت دی تاکہ علاقہ میں بارش کے پانی کا مسئلہ مستقل حل کیا جاسکے۔ مائتری ونم میں چیف منسٹر نے ان مقامات کا دورہ کیا جہاں بارش کے ساتھ ہی پانی جمع ہو جاتا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ان مقامات کو ترقی دینے کا طویل مدتی منصوبہ تیار کیا جائے۔ بلکم پیٹ میں چیف منسٹر نے مقامی افراد سے ملاقات کی۔ خواتین نے بارش کی صورت میں درپیش مسائل سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے تمام متاثرہ خاندانوں کے تحفظ کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے حیڈرا کمشنر رنگاناتھ اور کمشنر جی ایچ ایم سی کرنن کو ہدایت دی کہ شہر میں ایسے تمام علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں بارش کی صورت میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چیف منسٹر نے برساتی پانی کے بہاؤ سے نشیبی علاقوں کو محفوظ رکھنے اور موسی ندی کے اطراف کے علاقوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ بعض مقامات پر چیف منسٹر نے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا کیونکہ عوام نے عہدیداروں کی لاپرواہی کی شکایت کی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں پر واضح کیا کہ عوامی شکایات کی یکسوئی میں تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنانے مستقل اور دیرپا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ گزشتہ دو دن سے شہر میں موسلادھار بارش سے عوامی زندگی درہم برہم ہوچکی ہے۔ جی ایچ ایم سی، حیڈرا اور واٹر ورکس حکام نے بچاؤ اقدامات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے گنگوبائی بستی کنٹہ کا معائنہ کیا جسے پارکنگ کیلئے استعمال کرکے پانی کے بہاؤ کو روک دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کنٹہ کی فوری بحالی کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے صفائی عملہ کی خواتین نے ملاقات کی اور صفائی کے کاموں سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بلدیہ، واٹر ورکس اور حیڈرا کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دورہ پر عوام نے خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اس دورہ سے نہ صرف امیرپیٹ بلکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کے پانی کی نکاسی کے بہتر انتظامات ہوں گے اور بارش کے باوجود ٹریفک میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔ 1