حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی جمعہ 16 مئی کو شام 7 بجے حج ہاؤز نامپلی سے عازمین حج کے قافلہ کو وداع کریں گے ۔ چیف منسٹر کے پروگرام کے سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ مختلف سرکاری محکمہ جات کو انتظامات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا 29 اپریل کو آغاز ہوا اور 13 مئی تک 7 قافلے حیدرآباد سے مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئے۔ 16 مئی سے عازمین کے قافلے جدہ روانہ ہوں گے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی حالت احرام میں روانہ ہونے والے عازمین کے پہلے قافلہ کو حج ہاؤز سے وداع کریں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے مطابق رات 12.35 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے یہ قافلہ پرواز کرے گا۔ 9 واں قافلہ ہفتہ کی صبح 9.35 بجے روانہ ہوگا۔ حج کمیٹی نے حالت احرام میں روانہ ہونے والے پہلے قافلہ کو وداع کرنے چیف منسٹر سے خواہش کی اور انہوں نے اتفاق کرلیا۔ تلنگانہ سے عازمین حج کا آخری قافلہ 29 مئی کو جدہ روانہ ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق ابتدائی قافلے مدینہ منورہ میں 10 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہورہے ہیں جہاں عمرہ کی ادائیگی کے بعد ایام حج کے منتظر ہوں گے۔1
