آندھرا پردیش کے خلاف سپریم کورٹ میں موثر نمائندگی کی ہدایت، خصوصی لیگل ٹیم کی تشکیل
حیدرآباد۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے ہمراہ سپریم کورٹ کے نامور وکیل اور ممتاز قانون داں ابھیشیک منوسنگھوی سے ملاقات کی۔ انہوں نے آندھرا پردیش کے آبپاشی پراجکٹس کے خلاف سپریم کورٹ میں کل 5 جنوری کو سماعت کے مسئلہ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ابھیشیک منوسنگھوی اور ان کی لیگل ٹیم کو تلنگانہ کے آبی حقوق کے حق میں موثر پیروی کی ہدایت دی۔ آندھرا پردیش کے پولاورم ۔ نلاملا ساگر پراجکٹ کے خلاف تلنگانہ حکومت نے رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔ دریائے گوداوری پر تعمیر کئے جانے والے پراجکٹ سے تلنگانہ کے آبی حقوق متاثر ہوں گے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے اجلاس پر سماعت مقرر ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آندھرا پردیش کی جانب سے پراجکٹس کی تعمیر کے خلاف سپریم کورٹ میں موثر قانونی پیروی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کی جانب سے تمام درکار تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے آبپاشی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ میں لیگل ٹیم کی مدد کے لئے موجود رہیں۔ تلنگانہ حکومت نے پولاورم تا بنکاچرلا اور نلاملا ساگر آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر سرگرمیوں کو روکنے کے لئے قانونی جدوجہد شروع کی ہے۔ آندھرا پردیش نے کسی بھی اجازت کے بغیر تعمیری سرگرمیوں کا منصوبہ بنایا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ پولاورم پراجکٹ اتھاریٹی کو تعمیری کام روکنے کی ہدایت دی جائے۔ حکومت کا موقف ہے کہ سابق میں طے شدہ پلان کے مطابق پولاورم پراجکٹ کی تعمیر پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے اعتراضات کی سماعت کے بغیر ہی مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش کی رپورٹ کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔ سنٹرل واٹر کمیشن، مرکزی وزارت آبی وسائل اور گوداوری ریور مینجمنٹ بورڈ کو ضروری ہدایت دینے کی سپریم کورٹ سے اپیل کی گئی ہے۔ سنٹرل واٹر کمیشن کے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آندھرا پردیش نے پراجکٹ رپورٹ تیار کی ہے۔ ابھیشیک منوسنگھوی اور سپریم کورٹ کے دیگر سینئر وکلاء پر مشتمل لیگل ٹیم نے سماعت کے موقع پر موثر نمائندگی کی تیاری کرلی ہے۔ 1