چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں انڈسٹریل پارک کے قیام کا فیصلہ

   

Ferty9 Clinic

849 ایکرس کی نشاندہی ، مختلف صنعتوں کے قیام سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع
حیدرآباد ۔ 15۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں عنقریب ہمہ مقصدی انڈسٹریل پارک قائم کیا جائے گا ۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن نے اس سلسلہ میں منصوبہ بندی کی ہے اور پراجکٹ کے تمام دستاویزات تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے انڈسٹریل پارک کے قیام کے لئے مختلف منظوریوں کے حصول کی مساعی کی جارہی ہے ۔ کارپوریشن کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ کے مطابق وقار آباد ضلع کے دودیال منڈل کے مواضعات حکیم پیٹ ، پولے پلی اور لکچرلا میں 849.6 ایکر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تعمیری کاموں کے آغاز کے بعد اندرون دو سال انڈسٹریل پارک کا قیام مکمل ہوجائے گا۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے کلیئرنس جلد حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی جن میں سڑکوں کی تعمیر ، پانی اور برقی جیسی بنیادی سہولتیں شامل ہیں۔ کارپوریشن نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انفراسٹرکچر سہولتوں پر 210 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ مجوزہ انڈسٹریل پارک میں آلودگی سے پاک صنعتوں کے قیام کی اجازت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ بریکس اور بلاکس مینوفیکچرنگ کے علاوہ لال الکحل بیورویج یونٹس ، آٹو موبائیل مینوفیکچرنگ ، سیریمکس گلاس اور سنتھیٹکس اشیاء کی تیاری سے متعلق یونٹس کا قیام عمل میں آئے گا۔ ملک پروسیسنگ اور ڈیری پراڈکٹس کے علاوہ ٹیکسٹائل میٹریل کے یونٹ بھی قابل ترجیح رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ فارما سیوٹیکل اور دیگر شعبہ جات نے بھی انڈسٹریل پارک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی انڈسٹریل پارک کے ذریعہ اطراف کے علاقوں کی ترقی اور مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی مساعی کر رہے ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق تعمیری مرحلہ میں تقریباً اک ہزار افراد کو روزگار حاصل ہوگا جبکہ پراجکٹ کی تکمیل پر 8300 راست اور 2800 بالواسطہ روزگار حاصل ہوں گے ۔ قریبی مواضعات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ملازمت میں ترجیح دی جائے گی۔ انڈسٹریل پارک کے قیام سے علاقہ کی معاشی اور سماجی ترقی میں مدد ملے گی۔ مقامی طور پر تیار کی جانے والی اشیاء کی مانگ میں اضافہ ہوگا۔1