چیف منسٹر سنہرے تلنگانہ خواب کو شرمندہ تعبیر کررہے ہیں

   

تلنگانہ کے یوم تاسیس پر تلنگانہ بھون میں پرچم کشائی، کیشو راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ سکریٹری جنرل ٹی آر ایس ورکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں سنہرے تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ سماج کے تمام طبقات ایس سی ۔ ایس ٹی۔ بی سی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے تلنگانہ حکومت سالانہ 50 ہزار کروڑ روپے خرچ کررہی ہے۔ ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو پانی سربراہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس پر ریاست کے عوام کو فخر ہے۔ تلنگانہ کے یوم تاسیس کے موقع پر ٹی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مجاہدین کے بغیر تلنگانہ ریاست کا تصور نہیں ہے۔ تلنگانہ کی تحریک میں قربانی دینے والوں کو وہ سلوٹ کرتے ہیں۔ توقع سے کہیں زیادہ تمام شعبوں میں تلنگانہ نے ترقی کی ہے۔ تلنگانہ کی تحریک میں حصہ لینے والے تمام عوام نے چیف منسٹر کے سی آر سے تعاون کیا۔ ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ جس طرح گاندھی جی نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے ملک کو آزاد کرایا ہے اسی طرح پر امن احتجاج کرتے ہوئے کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے تلنگانہ کے بل پر پہلا ووٹ دینے کا اعزاز ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں مختصر عرصہ میں تلنگانہ تمام شعبوں میں سرفہرست ہوگیا ہے۔ 7 سال میں تلنگانہ کی جو ترقی ہوئی ہے اس سے سب حیرت کا اظہار کررہے ہیں۔ ترقی اور بہبود کے معاملے میں ریاست تلنگانہ سارے ملک میں نمبرون ہوگئی ہے۔ انہوں نے عوام کو ہمیشہ کے سی آر کا ساتھ دینے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا کے آر سریش ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے۔